مقبوضہ کشمیر میںمعصوم شہریوں کے قتل کے خلاف مکمل ہڑتال،بھارتی فوجیوں نے مزید 4کشمیری نوجوان شہید کردیئے

پیر 10 اپریل 2017 18:26

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ روز بڈگام اور گاندربل اضلاع میں 8معصوم شہریوں کے قتل اور ایک سو سے زائد افراد کو زخمی کرنے کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی گئی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دوروزہ ہڑتال اور احتجاجی مظاہروںکی کال سید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی ہے۔

علاقے میں تمام بازار ، کاروباری اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ دوروزہ ہڑتال کی وجہ سے کشمیر یونیورسٹی نے آج اور کل ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیئے۔بڈگام اور گاندربل اضلاع کے مختلف علاقوں شہیدنوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شہید نوجوانوں کی میتیںجلوسوں کی صورت میں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں مزار شہدا ء تک پہنچائی گئیں۔

اس موقع پر پاکستانی پرچم بھی لہرائے گئے۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ روزبھارت کے انتخابی ڈرامے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں پر فائرنگ کرکے بڈگام میں سات اور گاندربل میں ایک نوجوان کو شہید کردیا تھا۔ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کاروائی میں آج ضلع کپواڑہ کے علاقے کیرن میں ایک پرتشدد کاروائی میں مزید چار نوجوانوں کو شہید کردیا۔

سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے ایک بیان میں کہا کہ وسطی کشمیر میں انتخابات کا بائیکاٹ بھارت کے لیے چشم کشا ہونا چاہیے۔ انہوں نے جنوبی کشمیر کے عوام پر زوردیا کہ وہ وسطی کشمیر کے عوام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بدھ کو اسلام آ باد حلقے میں ہونے والے ڈھونگ انتخابات سے دور رہیں۔ سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ اور دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے اپنے بیانات میں کہا کہ انتخابات کا بائیکاٹ بھارت اور اس کے کٹھ پتلیوںکے لیے منہ توڑ جواب اور دنیا کے لیے واضح پیغام ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔

انہوں نے وادی کشمیر میں انٹرنیٹ سروسزکی معطلی کی مذمت کی۔ کشمیر بارایسوسی ایشن اور حریت رہنمائوں مختار احمدوازہ، محمد یوسف نقاش، فریدہ بہن جی، ظفراکبر بٹ ، محمد اقبال میر اور مسلم لیگ نے اپنے الگ الگ بیانات میں معصوم شہریوں کو شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔