مسئلہ کشمیر خطے میںغیر یقینیت اور کشیدگی کی بڑی وجہ ہے ،شبیر احمد شاہ

دیرینہ تنازعے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، بھارتی قیادت دور اندیشی کا مظاہرہ کرے، حریت رہنماء

پیر 15 مئی 2017 20:02

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرا ت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کو دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات میں پہل کرنی چاہیے ۔

انہوںنے بھارت کی جانب طاقت اور ہٹ دھرمی کے مظاہرہ کو جنوبی ایشیاء میںکشیدگی اورتنائوکی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے نہ صرف خطے کے عوام متاثر ہورہے ہیں بلکہ جنوبی ایشیاء پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو ایک حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاقت اوردیگر ہتھکنڈوں سے حقائق کو جٹھلانا ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے قیادت پر زوردیا کہ وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے بجائے تمام مسائل کے حل کیلئے مثبت سوچ کا مظاہرہ کریں۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کے سبھی ممالک اور اداروں نے مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو تسلیم کیا ہے اور اسے مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے پر زور دے رہے ہیں۔تاہم انہوںنے کہاکہ بھارت روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف کشمیر کے عوام کو ان کے حق سے محروم کررہا ہے بلکہ اپنے عوام کو بھی حقائق سے متعلق بے خبر رکھ کر جنگی جنون جیسی صورتحال کو ہوا دے رہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر کو بلا تاخیر حل نہ کیاگیا تو جنوبی ایشیاء کی دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کبھی بھی جنگ چھڑ سکتی ہے جس کی آگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔شبیر احمد شاہ نے کشمیر ی عوام کی جدوجہد آزادی کو حق پر مبنی قراردیتے ہوئے کہاکہ عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔انہوںنے عالمی برادری خاص طورپر یورپین یونین،چین ،برطانیہ ،روس اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیاء میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں۔حریت رہنماء نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قردادوں پر عمل درآمداور سہ فریقی مزاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا ۔