مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا،24 گھنٹوں میں شہدا کی تعداد 5 ہوگئی

منگل 18 جولائی 2017 21:34

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں گھر گھر تلاشی کے دوران بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا،24 گھنٹوں کے دوران شہدا کی تعداد 5 ہوگئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کوضلع باندری پورہ کے علاقے گوریز میں گھر گھر تلاشی کے دوران شہید کردیا ہے۔ اس سے قبل 3 کشمیریوں شوکت لوہر، مظفر حجام اور ناصر احمد کو ضلع اسلام آباد کے علاقے اچھابل میں گھر گھر تلاشی کے دوران شہید کیا گیا۔

5 نوجوانوں کے قتل کے خلاف باندی پورہ سمیت دیگر اضلاع میں مکمل ہڑتال رہی۔ کشمیریوں نے اپنا کاروبار بند رکھ کر بھارت کے خلاف بھرپور نفرت کا اظہار کیا۔ بھارتی فوج کی سختیوں اور کرفیو کی صورتحال کے باوجود شہدا کے جنازے میں ہزاروں کشمیری شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

تینوں کو اپنے آبائی قبرستانوں میں سپردخاک کردیا گیاہے۔تدفین کے بعد ہزاروں کشمیریوں نے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا اور کٹھہ پتلی انتظامیہ و مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوج کو واپس بیرکوں میں پر بھیج کر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیاجائے۔ حریت مزاحمتی فورم کے رہنماں سید علی گیلانی، شبیر شاہ، یاسین ملک اور دیگر نے علیحدہ بیانوں میں بھارتی مظالم کی مذمت کی، اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مداخلت کرے اور کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائے۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیریوں کا باہر کی دنیا سے رابطہ منقطع کرنے کیلئے کئی ہفتوں سے انٹرنیٹ اور موبائیل سروس بند کررکھی ہے۔ حریت رہنما یاسین ملک اور دیگر نے حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کو اپنے چچا کے جنازے میں شرکت سے روکنے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کے عمل کی مذمت کی۔