مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ بھارتی فوج انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ، سردار مسعود خان

کشمیریوں کی آزادی کیلئے جدو جہد بھارتی حکومت کے بد ارادوں سے متاثر نہیں ہو سکتی،کشمیریوں کی آواز قابض افواج کی جانب سے غیر معمولی حکمت عملی کے ذریعے دبائی نہیں جا سکتی، صدر آزاد کشمیر کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں عالمی اردو کانفرنس 2017ء سے خطاب

جمعہ 18 اگست 2017 19:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے گزشتہ روز یہاں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بین الاقوامی اردو کانفرنس 2017ء سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بات چیت اور دانشورانہ تعامل کی ضرو رت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی غاصبانہ فوج انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور یہ بات حیرت انگیز ہے کہ بین الاقوامی برادری ان کو نظر نداز کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے جانب سے آزادی کیلئے جدو جہد بھارتی حکومت کے بد ارادوں سے متاثر نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ آزادی‘‘ ناگزیر ہے اور یہ ہر صورت حاصل کی جائے گی ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مواصلات ایک ابھرتا ہوا شعبہ ہے اور کشمیریوں کی آواز قابض افواج کی جانب سے غیر معمولی حکمت عملی کے ذریعے دبائی نہیں جا سکتی ۔

(جاری ہے)

دنیا کو یہ جاننا ہوگا کہ معصوم کشمیریوں کو ظلم وبربریت اور غیر انسانی رویوں کا سامنا ہے ۔انہو ںنے یونیورسٹی کے وائس چانسلر شاہد صدیقی اور انتظامیہ کو بین الاقوامی اردو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور اردو اور دیگر علاقائی زبانوں میں تحقیق پر مبنی اقدامات کے فروغ کو سراہا ۔ تقریب میں نامور شاعر افتخار عارف ، ڈاکٹر عبدالعزیز سحر ، شعبہ اردو کی سربراہ ڈاکٹر سمینہ اعوان ، ڈین فیکلٹی سوشل سائنسز ، قومی و بین الاقوامی دانشور بھی شامل تھے۔