مقبوضہ کشمیر، بھارتی وزیر داخلہ کے دورے کے خلاف مکمل ہڑتال، بھارتی فوج نے شوپیاں میں مزید دو نوجوانوں کو شہید کردیا

اتوار 10 ستمبر 2017 17:50

مقبوضہ کشمیر، بھارتی وزیر داخلہ کے دورے کے خلاف مکمل ہڑتال، بھارتی ..
سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے دورے کے خلاف احتجاج کے لیے مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی۔ تمام دکانیں اورکاروباری مراکزبندرہے جبکہ سرینگر، اسلام آباد، کولگام، شوپیان ،پلوامہ ، بارہمولہ ، بڈگام اور دیگرعلاقوں میںگاڑیوں کی آمدورفت معطل تھی۔

راجناتھ سنگھ ہفتے کو علاقے کے چارروزہ دورے پر سرینگر پہنچے۔ دریں اثناء قابض انتظامیہ نے سرینگر کے رعناواری، خانیار، نوہٹہ ،مہاراج گنج، صفاکدل اور مائسمہ پولیس سٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میںسخت پابندیاں عائد کردیں۔

(جاری ہے)

سرینگر میںبھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کے لیے بھارتی فورسز کی بھاری تعداد تعینات کی گئی تھی۔ قابض انتظامیہ نے سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل گھروں میں جبکہ جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو سینٹرل جیل سرینگر میں نظربند رکھا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں مزاحمتی قیادت کی اخلاقی فتح ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیا ن میں رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

نوجوانوں کو جن کی شناخت طارق احمد بٹ اور الطاف احمد کے طور پر ہوئی ہے،بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ضلع کے علاقے بارہ بگ میں شہید کیا۔ضلع کے علاقے ہرمین میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک لڑکی زخمی ہوئی جس کی شناخت خوشبو کے طورپر ہوئی ہے۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد میں مجاہدکمانڈر شاہد احمد شیخ کی نمازہ جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔

نماز جنازہ میں شرکت کے لیے رفیع آباد، قاضی آباد اور زینہ گیر سے لوگوں کی بڑی تعدادنے شاہد احمد کے آبائی علاقے کاچھلو کی طرف مارچ کیا۔ ان کو آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیا گیا۔ شاہد احمد کو بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز سوپور میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی میں شہید کیا تھا۔ بھارتی فوجیوں نے آپریشن کے دوران ایک مکان کوبھی تباہ کردیا۔ علاقے میں نوجوان سڑکوںپر نکل آئے اوربھارتی فوجیوں پر پتھرائو کیا۔ضلع میں ٹرین سروس روک دی گئی جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کی گئیں۔ سرینگر کے علاقے خیام میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک گاڑی نے ایک بزرگ شخص ثناء اللہ میر کو کچل کر شہید کردیا۔