کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں کیا جائیگا خطہ میںامن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی‘

اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہیں، بھارت کو جلد یا بدیر مقبوضہ کشمیر سے اپنی افواج کا انخلاء کرنا ہی ہوگا جموں کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کی بات چیت

منگل 30 جنوری 2018 19:48

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2018ء) جموں کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں کیا جائیگا اُس وقت تک خطہ میںامن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہیں، بھارت کو جلد یا بدیر مقبوضہ کشمیر سے اپنی افواج کا انخلاء کرنا ہی ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے رہائی ملنے کے بعدپیر باغ حیدر پورہ میں پارٹی کے نائب چیئرمین اعجاز رحمانی کی رہائشگاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فیاض احمد بٹ، شبیر نانوائی، سمیر بٹ، منظور احمد اور محمد افضل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے اس موقع پر پارٹی کے نائب چیئرمین سید اعجاز رحمانی کے جواں سالہ بھتیجے کی وفات پر فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ اس خاندان کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا پیدائشی حق مانگ رہے ہیں مگر بھارت طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی خواہشات کو کچلنے کا درپے ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیری تاریخی حیثیت کی حامل ریاست ہے جب تک اس ریاست کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکالنے کیلئے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاک بھارت مذاکرات مسئلہ کشمیر پر کرتے ہیں تو اس میں کشمیریوں کو شامل کیا جائے کشمیریوں کی خواہشات کے مسئلہ کشمیر کا کوئی حل قابل قبول نہیں ہے۔ بھارت نے ہمیشہ طاقت کے ذریعے ہی مقبوضہ جموں کشمیر میں پرامن طریقے سے آزادی مانگنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا ہے اور یہ سلسلہ ستر دہائیوں سے جاری ہے اس کے باوجود کشمیری تحریک آزادی کیلئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کے حق میں پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ خطہ میں امن ممکن ہوسکے۔