بلوچستان کے لوگ محب وطن اور محبت کرنے والے ہیں ،میجرجنرل ندیم ذکی منج

پاک فو ج حکومت کیساتھ مل کر بلوچستان میں خوشحالی ،عوام کی فلاح وبہبود کیلئے گرانقدر خدمات پیش کرنا چاہتی ہے ،کمانڈر 33 ڈویژن

جمعرات 19 اپریل 2018 20:55

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) 33 ڈویژن کمانڈر میجرجنرل ندیم ذکی منج نے کہاہے کہ بلوچستان کے لوگ محب وطن ، اور محبت کرنے والے ہیں ،پاک فو ج حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان میں خوشحالی اور یہاں کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے گرانقدر خدمات پیش کرنا چاہتی ہے ، ’’خوشحال بلوچستان ‘‘ پروگرام کا مقصد بھی یہی ہے کہ صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرکے ان کی ترقی کے لئے آگے بڑھا جاسکے ، بلوچستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے ، سی پیک کی صورت میں بلوچستان ترقی و معاشی ا ور تجارتی حب بننے جارہاہے ، ہم کوئی بھی قدم عوام کے بغیر نہیں اٹھا ناچاہتے ہیں ، پاک فوج اور عوام ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں ، اس مقصد کے لئے ہم سب نے ملکر صوبہ اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں خضدار میں ضلع کے انتظامی آفیسران ، سیاسی رہنماء ،اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔لیفٹننٹ کرنل فضل رسول قادری ، میجر محمد قاسم ، میجر محمد نواز ، بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں ڈپٹی کمشنر خضدار مجیب الرحمن قمبرانی ، ایڈیشنل کمشنر قلات ڈویژن میجر (ر) اورنگزیب بادینی ،ڈی آئی جی خضدار رینج نثار تنولی ، ایس ایس پی خضدار ضیا مندوخیل ،ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی ، میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد ،آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا عنایت اللہ رودینی ، مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر میر عبدالرحمن زہری ،جے یوآئی کے رہنماء جسٹس(ر) میر عبدالقادر مینگل، وڈیرہ محمد فاروق جاموٹ ،ارباب نواز زہری ،سردار بلند خان غلامانی ، سردار عزیز محمد عمرانی ، وڈیرہ محمد صالح جاموٹ ،ڈاکٹر حضوربخش زہری ، منیراحمد زہری میر عتیق الرحمن ساجدی ،سلطان احمد شاہوانی ،مولانا محمد قاسم قلندرانی ،میر طیب بزنجو ،ڈاکٹر بشیراحمد موسیانی ، ڈاکٹر محمد اسماعیل باجوئی ، محمد ذکریا شاہوانی ، عبداللہ شاہوانی ، منیر نور گرگناڑی ، محمد ایوب بلوچ ، محمد یونس بلوچ ،موجود تھے ،اس موقع شہریوں نے تجاویز آرا پیش کیئے ، خضدار شہر کی تعمیر و ترقی اور مسائل بھی بیان کیئے ، اور مستقبل کے بارے میں تجاویز دیئے ۔

میجر جنرل ندیم زکی منج نے کہاکہ صوبے میں عوام اور فورسز نے مل کر قربانیوں کے بعد امن قائم کیا ہے ، دیر پا قیام امن کو برقرار رکھنے کے لئے مستقبل میں بھی سب کو مل کراپنا کردار ادا کر نا چاہیئے پاکستان کی فوج مضبوط اور ملک وقوم اور سرحدات کا محافظ ہے ۔پاک آرمی صوبے کی تعمیر و ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے ، صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود ، فروغ تعلیم ، علاج و معالجے کی سہولیا ت سب میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کیئے جارہے ہیں ۔

سی پیک بلوچستان سے گزر رہی ہے، سی پیک سے سب سے زیادہ بلوچستان کو ترقی ملے گی ، یہاں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ، عوام میں خوشحالی آئے گی ۔انہوںنے سیاسی و قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ، سی ایم ایچ خضدار میں عوام کو زیادہ سے زیادہ اوبروقت سہولیات کی فراہمی کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔

خضدار رتوڈیروشاہراہ کی جلد تعمیر و تکمیل لازمی ہے ، اس شاہراہ سے بین الصوبائی آمد ورفت اور تجارت کے وسیع مواقع پیدا ہونگے ۔ا نہوںنے عمائدین شہر اور معززین سے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مزید بہتری لانا چاہتے ہیں کیونکہ ترقی کے لیئے معیاری تعلیم لازمی ہے جن قوموں نے تعلیم کے شعبے پر توجہ دی انہی قوموں نے ہی ترقی کی انہوں نے کہاکہ آج مجھے خوشی ہوئی کہ خضدار کے لوگ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں جو ان کا حق ہے وہ انہیں ملے گا ۔۔