نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کی نام پھر سے تبدیل کر دیے جانے کا امکان

جمعہ 20 اپریل 2018 21:22

نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کی نام پھر سے تبدیل کر دیے جانے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) پیپلز پارٹی کے سابق چئیرمین سینیٹ اور سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ بے نظیر ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنا بدقسمتی اور سولین ہیروز کی بے توقیری کی کی مثال ہوگی،محترمہ بینظیر بھٹو آئین کی حکمرانی ، قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے لئے لڑنے والی ایک بہادر لیڈر تھیں،بے نظیر کی شہادت کی یاد میں اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام ان کے نام سے رکھا گیا، لگتا ہے ایئرپورٹ کا نام سول ایوی ایشن کے بیوروکریٹس کے کہنے پر تبدیل کیا جارہا ہے، وزیر اعظم کو بینظیر بھٹو ائیرپورٹ کا نام تبدیل کرنے کے بلاجواز اور اس نامناسب فیصلے کو واپس لینا چاہئے۔

جمعہ کو سینٹر میاں رضا ربانی نے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھ دیا۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا مشیر ہوابازی کا بیان ہے کہ بینظیر ایئرپورٹ کا نام نئی جگہ منتقلی کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ ہوگا۔بے نظیر ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنا بدقسمتی اور سولین ہیروز کی بے توقیری کی کی مثال ہوگی۔محترمہ بینظیر بھٹو آئین کی حکمرانی ، قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے لئے لڑنے والی ایک بہادر لیڈر تھیں۔

بے نظیر بھٹو نے ملک کو ضیا الحق کے مارشل لا کے طوق سے نجات دلائی۔دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو کو راولپنڈی کی سڑکوں پر شہید کردیا گیا۔بے نظیر کی شہادت کی یاد میں اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام ان کے نام سے رکھا گیا۔ایئرپورٹ کا نام کسی قومی ہیرو کے نام سے رکھنا انہونی بات نہیں۔نیویارک کے جان کینڈی ایئرپورٹ سے لے کر دنیا بھر میں عالمی شخصیات کے نام سے ایئرپورٹ ہیں ۔

مجھے لگتا ہے ایئرپورٹ کا نام سول ایوی ایشن کے بیوروکریٹس کے کہنے پر تبدیل کیا جارہا ہے۔یہ اقدام محترمہ بینظیر کے نام کو تاریخ سے منہا نہیں کرسکے گا لیکن قوم و حکومت کی بدقسمتی / بے حسی کا عکاس ہے۔خط میں مطالبہ کیا گیا کہ آپ کو یہ بلاجواز اور اس نامناسب فیصلے کو واپس لینا چاہئے۔