پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے بچوں کو ہر بیماری سے محفوظ بنانا ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ

جمعہ اپریل 23:10

مظفرگڑھ۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ہر بیماری سے محفوظ بنائیں ، اس کیلئے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ ادارے اپنی اپنی ذمہ داری احسن طریقہ اور ایمانداری سے ادا کریں ، ملک کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں ، وہ دن دور نہیں جب ہم سب ملکر ملک سے پولیو جیسے موذی مرض کو ختم کردیں گے ، یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ سمیت پنجاب بھر میں ابھی تک پولیو کا کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ محکمہ صحت اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے ادا کررہا ہے ، انہوں نے کہا کہ جو والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کے ذریعے ان والدین سے رابطہ کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ ہر مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے بتایا کہ ماہ اپریل کے مہم کے دوران ضلع بھر میں محکم صحت کی 1878ٹیموں نے گھر گھر جا کر 5سال تک کی عمر کے 8لاکھ41ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کے قطرے پلائے گئے ہیں، مہم کے دوران تمام متعلقہ اداروں نے ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کیا اور مہم کو کامیاب بنایا، انہوں نے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک محکمہ صحت کے افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں جذبہ حب الوطنی سے ادا کرتے رہیں گے، اجلاس میں ڈاکٹر محمد کاظم، ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر فرحان جمیل، ڈاکٹر رفیق بھٹی، ڈاکٹر قیصر ندیم ، ضلعی خطیب حافظ محمد نصراللہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔