موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ملکی و بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی ہے، اراکین قانون ساز اسمبلی

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:11

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) آزاد جموںو کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین میاں یاسر رشید ایم ایل اے ، ڈاکٹر مصطفی بشیر ایم ایل اے نے مہاجرین جموں وکشمیر کے مختلف وفودسے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر قیادت جہاں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ملکی و بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی ہے وہاں مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کے مسائل کے حل اور ان کی آباد کاری کے لیے عملی اقدامات بھی کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم وملزوم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی جملہ سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور بھارتی حکمرانوں کے مقبوضہ کشمیر میں اندوہناک مظالم کے خاتمہ کے لیے متحدو یک زبان ہیں اور وہ ملکی و عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن ہمارا سرمایہ ہیں جب ہم اکٹھے ہوں گے اور ہماری آواز موثر ہوگی اوردنیا میں مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے باور کرایا کہ بھارتی مسلح افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز سرد نہیں کر سکتے ۔