بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوام پر بربریت کر رہا ہے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ہونے کی قلعی تو کھل چکی ہے، انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے سے رنگین نقاب اتار پھینکیں گے

پیر 23 اپریل 2018 16:32

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بربریت کر رہا ہے بلکہ بھارت میں مقیم اقلیتوں جن میں مسلمان، سکھ، عیسائی، دلت، اچھوت، اسامی،گورکھے اور دیگر شامل ہیں پر ظلم کی انتہاء کیے ہوئے ہے۔

اسلئے مودی کے خلاف لندن میں ہونے والے مظاہرے میں ہمارے ساتھ بھارت کی تمام اقلیتیں بھی شامل تھیں۔ویسے بھی بھارت کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ہونے کی قلعی تو کھل چکی ہے لیکن اب ہم سب ملکر انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے سے رنگین نقاب اتار پھینکیں گے۔ٹرمپ، مودی اور نیتن یاہو تینوں کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے دنیا میں جو انتہاء پسندی زور پکڑ رہی ہے ہم ان کی سازشوں کا ملکر مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں لندن میں خالصتان تحریک کے رہنماء و لندن میں کامن ویلتھ کانفرنس کے موقع پر مودی کے خلاف مظاہرے کے اجازت نامے حاصل کرنے اور مظاہرے کے انتظامات کرنے والے رنجیت سنگھ سے ایک ملاقات میں کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم ملکرآئندہ بھی مظاہرہ کریں گے خالصتان اور کشمیر کی آزادی کے لئے ملکر آئندہ بھی مظاہرے کریں گے۔کیونکہ بھارت اب بہت زیادہ انتہاء پسندی پر اتر چکا ہے۔ جب تک ہم سب ملکر کام نہیں کریں گے۔ بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے گا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے رنجیت سنگھ کو مظاہرے کی مشکل حالات میں اجازت لینے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آئندہ بھی ملکر بھارت کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے۔