بھارت مقبوضہ کشمیرمیں رائج کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کو منسوخ کرے ‘میرواعظ

اگربھارت اس قانون کو شمال مشرقی ریاستوں سے منسوخ کر سکتا ہے تو اسے فوری طورپر جموں وکشمیر سے بھی منسوخ کیاجانا چاہیے

منگل 24 اپریل 2018 13:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ علاقے میں رائج کالا قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس کالے قانون کے ذریعے نہتے کشمیریوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کر رہا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ تیس برس سے کالے اور ظالمانہ قانون افسپا کے ذریعے نہتے کشمیریوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کیاجارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم طویل عرصے سے اس آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگربھارت اس قانون کو شمال مشرقی ریاستوں سے منسوخ کر سکتا ہے تو اسے فوری طورپر جموں وکشمیر سے بھی منسوخ کیاجانا چاہیے جہاں بھارت کے 8لاکھ سے زائد فوجیوں کو افسپا کے ذریعے نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر ذرائع ابلاغ نے بھارتی وزارت داخلہ کے حوالے سے کہاہے کہ کالا قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کو میگھالیہ اوراروناچل پردیش میں منسوخ کر دیاگیا ہے ۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کے اس اقدام سے جموںوکشمیر کے متنازعہ علاقے کے ساتھ اسکا امتیازی سلوک ظاہر ہوتا ہے جہاں اس کالے قانون کے تحت بے گناہ کشمیریوں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے ۔