وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے لیپہ ٹنل کو وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کروا دی،رکن اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی کی اسلام آباد میں ان سے ملاقات اور لیپہ ٹنل کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریفنگ دی

جمعرات 26 اپریل 2018 15:30

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے لیپہ ٹنل کو وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کروا دی،رکن اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی اور لیپہ ٹنل کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریفنگ دی،رکن اسمبلی نے قبل ازیں سردار مہتاب احمد خان سے بھی ملاقات کی جنھوں نے لیپہ ٹنل کو بجٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ،رکن اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے وزیراعظم پاکستان کو بتایا کہ میاں محمد نواز شریف کی ذاتی خواہش اور کاوشوں سے لیپہ ٹنل کا منصوبہ وفاقی بجٹ میں شامل ہوا لیکن بوجوہ پھر اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا ،انھوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے حالیہ الیکشن میں لیپہ کے عوام سے وعدہ کیا تھا جس پر عمل درآمد ضروری ہے ،اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے لیپہ سے منتخب رکن اسمبلی کو یقین دلایا کہ بجٹ میں لیپہ ٹنل ہر حال میں شامل ہو گی ،قبل ازیں مہتاب احمد خان عباسی نے بھی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

رکن اسمبلی دو روز سے اسلام آباد میں موجود ہیں جہاں انھوں نے این ایچ اے حکام سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ، اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر کی جانب سے بھی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔