بھارتی فوج کشمیریوں کے خلاف جبر و استبداد کی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرے۔ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن

جمعرات 26 اپریل 2018 20:39

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میںہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارتی فورسز کی طرف سے ضلع پلوامہ میں رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران نوجوانوں کی مارپیٹ اور املاک کی تباہی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے پلوامہ کے علاقوں بون محلہ اور شیخ محلہ میں رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران نو نوجوانوں کو نیم برہنہ کر کے شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایاجس کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ فورسز اہلکاروں نے چھاپوںکے دوران گھروںمیں موجود قیمتی اشیا کی توڑ پھوڑ کی اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔

(جاری ہے)

بیان میں بھارتی فورسز کی کارروائی کو بنیادی انسانی حقوق کی شدید پامالی قرار دیتے ہوئے جبر و استبداد کی کارروائیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ دریں اثنا بار ایسوسی ایشن نے کٹھوعہ میں کم عمر آصفہ کے بے حرمتی اور قتل کے مجرموں کے وکیل انکور شرماکے ویڈیو بیان کی شدید مذمت کی جس میں انہوںنے مجرموں کو تحفظ کرنے والے ہندو ایکتا منچ کی نہ صرف تعریف کی بلکہ ہندوئوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ کٹھوعہ کی گجر بکروال طبقے کا معاشی بائیکاٹ کرتے ہوئے ان سے دودھ اور دیگر اشیا نہ خریدیں ۔

بیان میں کہا گیا کہ انکور شرمانے اس بیان کے ذریعے علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے ۔