مقبوضہ کشمیر، کولگام میں مجاہدین نے ٹریفک جام کلئیر کرایا

اتوار 29 اپریل 2018 16:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس وقت حیرانی ہوئی جب ٹریفک جام کے دوران تین مجاہدین نے گاڑی سے اتر کر ٹریفک انتظام سنبھالا اور ٹریفک جام کھول دیا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایک عینی شاہد نے سرینگر میں صحافیوں کو بتایا کہ فرصل یاری پورہ روڈپر سہہ پہر کوفرصل کے نزدیک ٹریفک جام ہوا اور لوگ اس کو کلئیر کرانے کی کوشش کررہے تھے کہ اس دوران ایک گاڑی سے تین مسلح افراد اچانک باہر آئے اور ٹریفک کی روانی کا انتظام سنبھالا۔

لوگوں نے کہاکہ مجاہدین نے مختصر وقت میں ٹریفک کو رواں دوان کرایااور لوگوں نے آزادی اور مجاہدین کے حق میں نعرے بلند کئے۔ ضلع کولگام کو جنوبی کشمیر میں بھارت مخالف تحریک کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ 2016ء کی عوامی احتجاجی تحریک کے دوران مجاہدین نے ضلع میں آزادی کے حق میں ریلیوں سے کھلے عام خطاب کیا اور یوم آزادی پاکستان کے موقع پر ریڈونی اور قیموہ میں بڑی ریلیوں میںسبز ہلالی پرچم لہرائے۔