Live Updates

ن) لیگ کے بیانات انکی بوکھلاہٹ کی بہت بڑی نشانی ہے ،اگلی حکومت تحریک انصاف ہی بنائے گی‘پیپلزپارٹی سے اتحاد ہوگا اور نہ ہونے کے امکانات ہیں، ہم ان کے خلاف ہر جگہ الیکشن لڑیں گے‘ رہنما تحریک انصاف نعیم الحق کی گفتگو

پیر 30 اپریل 2018 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے بیانات ان کی بوکھلاہٹ کی بہت بڑی نشانی ہے اور ہم جس طرح سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں اگلی حکومت ہم ہی بنائیں گے۔پیپلزپارٹی سے اتحاد ہوگا اور نہ ہونے کے امکانات ہیں، ہم ان کے خلاف ہر جگہ الیکشن لڑیں گے ۔ پیرکے روز گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے بیانات ان کی بوکھلاہٹ کی بہت بڑی نشانی ہے، ان کا تین سال میں سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ جاتی امراء میں سب سے بڑا گھر بنوایا، پچھلے پانچ سال میں 7 ارب روپے نوٹ چھاپے اور قرض لیے، انہیں حق نہیں پہنچتا کہ ہمارے انقلابی نکات پر تنقید کریں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پتہ ہے آئندہ الیکشن میں کامیابی مشکل نظر آرہی ہے جس طرح سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں اگلی حکومت ہم بنائیں گے، عمران خان نے جو گیارہ نکات بیان کیے وہ عوام کی سمجھ میں آگئے ہیں، وہ غربت، جہالت، رشوت اور منافقت کو ختم کرنا چاہتے ہیں، عمران خان انقلابی تبدیلیاں لے کر آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عزم کر رکھا ہے کہ وہ اپنی حکومت میں کسی کرپٹ شخص کو برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے ثابت کردیا، ایک وزیر کو نکالا پھر بیس پچیس ایم پی ایز کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں، اس لیے تنقید بے جا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے اتحاد ہوگا اور نہ ہونے کے امکانات ہیں، ہم ان کے خلاف سندھ اور کراچی میں الیکشن لڑیں گے، ہر جگہ ان کا مقابلہ ہوگا، (ن) لیگ والے اپنی سیاست کو چمکانے کے لیے اس قسم کے جھوٹے من گھڑت الزامات لگاتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات