پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق کیلئے آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھے گی ، بلاول بھٹو

معاشرے کی طرح پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی بھی وہی لوگ ہیں ، مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے پیغام

پیر 30 اپریل 2018 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے مزدور و محنت کش طبقے کو یقین دلایا ہے کہ پی پی پی ان کے حقوق کے لیئے آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھے گی کیونکہ معاشرے کی طرح پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی بھی وہی لوگ ہیں۔ مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 10 فروری 1972ع میں ملک میں پہلی بار مزدور پالیسی کا اجرا کیا تھا اور ملک میں ٹریڈ یونینز کے حقوق متعارف کرائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی عوامی حکومت ہی تھی، جس نے بینظیر امپلائیز اسٹک آپشن اسکیم کا آغاز کیا اور قومی اداروں کے ملازمین کو حصص مفت دیئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ کی جانب سے سہ فریقی مزدور پالیسی کو خوش آئند قرار دیا، جو حکومت، مزدوروں اور آجرین نے اتفاق رائے سے منظور کی اور تینوں فریقین اس پر متفق تھے کہ ان کے درمیان باہمی تعاون ناگذیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماسوائے حکومت سندھ اور کوئی صوبائی حکومت اس طرح کا سنگ میل عبور نہ کرسکی، کیونکہ محنت کش طبقہ ان کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہی تھی، جس نے سندھ میں بے زمیں کاشتکار خواتین کو زرعی قطعات کا مالک بنایا اور یونین کائونسل سطح پر انسدادِ غربت پروگرام شروع کیا، جس نے 6 لاکھ خاندانوں کے لیئے پسماندگی کا خول توڑ کر باہر نکلنا ممکن بنایا اور اب وہ چھوٹے کاروبار کے ذریعے اپنا گذر بسر کر رہے ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے ملک کے مزدور و محنت کش طبقے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پی پی پی میں شامل ہو کر اسے مزید طاقتور بنائیں تاکہ وہ ان کو حقوق دلائے اور تحفظ کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی پی پی مستقبل میں مزید مزدور دوست قانونسازی کرے گی اور محنت کش برادری کا استحصال کرنے والی تمام قوتوں کے آگے پھاڑ بن کر کھڑی ہوگی۔