پیپلزپارٹی ہی مزدوروں کی واحد نمائندہ جماعت ہے، میر یونس

منگل 1 مئی 2018 18:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مئی2018ء) ممبرکشمیرکونسل، پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما میرمحمد یونس نے کہا ہے کہ ملک پاکستان میں پیپلزپارٹی ہی مزدوروں کی واحد نمائندہ جماعت ہے، پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی اس نے ملک کے غریب، سفید پوش طبقہ کو حقوق دینے کا عملی آغاز کیا، پیپلزپارٹی کا روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ مزدور طبقہ لوگوں کے لیے ہی ہے، پیپلز پارٹی کی بنیاد ایشیا کے عظیم لیڈر ذوالفقار علی بھٹو شہید نے سرمایہ دار طبقہ کیخلاف ہی رکھی تھی تاکہ ملک میں سرمایہ داری نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے غریبوں کو حقوق دلائے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم مزدور کے حوالہ سے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آج یکم مئی کو دنیا بھر میں یوم مزدور مناکر مزدور کی خدمات کا اعتراف کیا جا رہا ہے، دنیا میں جتنی بھی ترقی ہوئی وہ مزدوروں کی محنت کا نتیجہ ہے، ہم آج شکاگو میں مزدوروں کے حقوق کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والے مزدوروں کی عظمت کو سلام بھی پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کے مطابق مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے دن رات محنت سے کام کرینگے، پیپلز پارٹی کو مضبوط اور مزید مستحکم بنائیں گے تاکہ یہ مزدوروں کی جماعت اقتدار میں آکر محنت کشوں کو حقوق دلا سکے۔