جن لوگوں نے بندوق کی نوک پر شہر کو یرغمال بنارکھا تھا انہیں آئندہ عام انتخابات میں باہر کردیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

ایم کیو ایم کے حوصلے ختم ہوچکے ہیں، بلاول بھٹو کے جلسے میں عوام کی بڑی تعداد دیکھ کر متحدہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے، خطاب

بدھ 2 مئی 2018 23:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے بندوق کی نوک پر شہر کو یرغمال بنارکھا تھا انہیں آئندہ عام انتخابات میں باہر کردیا جائے گا، ایم کیو ایم کے حوصلے ختم ہوچکے ہیں، بلاول بھٹو کے جلسے میں عوام کی بڑی تعداد دیکھ کر متحدہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے ککری گرائونڈ لیاری میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کی تیسری برسی میں شرکت کے بعد تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید اکبر ناگوری کو جب قتل کیا گیا اس وقت شہر میں خوف کا ماحول تھا، کراچی میں کوئی خود کو محفوظ نہیں سمجھتا تھا مگر سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے آپریشن شروع کرکے امن کے قیام میں مرکزی کردار ادا کیا، سینکڑوں لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر ہمیں چین سے جینے کا موقع دیا ہے، لیاقت آباد میں بلاول بھٹو کا جسلہ دہشت کا ماحول ختم ہونے کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ جن لوگوں نے شہر کو یرغمال بنایا تھا انہیں عام انتخابات میں باہر کردیا جائے گا، عوام اب متحدہ کو ووٹ نہیں دے گی، یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایم کیو ایم اب پیپلز پارٹی کی تقلید اور تعاقب کررہی ہے،ایم کیو ایم کے حوصلے اب ختم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ہر گلی پر سب کا حق ہے جو جہاں چاہے جلسہ کرے۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس نے عوام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لیاری میں آر او پلانٹس لگادیے گئے ہیں، پانی کی قلت جلد ختم ہوجائے گی۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ لسانیت کی سیاست کی بنیاد ایم کیو ایم نے ڈالی تھی لیکن اب ایم کیو ایم کی بدمعاشی اور خوف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، ایم کیو ایم نے مہاجروں کو تمام قومیتیوں سے لڑایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ حقیقی اور پی ایس پی بھی جلد ایم کیو ایم میں شامل ہوجائے گی مگر پھر بھی عام انتخابات میں کراچی میں بھی پیپلز پارٹی کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکے گا، امن کے لیے اکبر ناگوری اور دیگر نوجوانوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں، اللہ کرے یہ امن ہمیشہ قائم رہے، بندوق کی نوک پر شہر پر اجاراداری قائم کرنے والوں سے ہمیں محفوظ رکھے۔ قبل ازیں شہید اکبر ناگوری کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی۔ قرآن خوانی اور تعزیتی ریفرنس میں سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، وقار مہدی، قادر پٹیل، راشد ربانی، مرتضی بلوچ، اراکین سندھ و قومی اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔