10 مئی کو آئندہ مالی سال 19-2018 کا بجٹ پیش کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

بدھ 2 مئی 2018 23:54

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ10 مئی کو سہ پہر3 بجے آئندہ مالی سال 19-2018 کا بجٹ پیش کریں گے۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات ککری گرائونڈ جہاں پر وہ ایم پی اے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کی تیسری برسی میں شرکت کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ 10 مئی کو سہ پہر 3 بجے آئندہ مالی سال 19-2018 کا بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بجٹ صرف 3 ماہ یعنی 30 ستمبر تک کے لئے ہوگا۔انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ نئی منتخب حکومت مزید 9 ماہ کے لئے بجٹ کی صوبائی اسمبلی سے تصدیق کرائی گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ شہر میں پہلے امن و امان کی صورتحال بہت خراب تھی جس پر سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے دور میں شہر میں ٹارگیٹڈ آپریشن شروع کیا جوکہ ایک بہت ہی کامیاب آپریشن ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہریوں کو ٹارگٹ کلرز، بھٹہ خوروں اور دہشت گردوں سے نجات دلانے کے لئے سخت محنت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے لیاقت آباد میں چیئرمین بلاول بھٹو کے ایک بڑے کامیاب جلسے کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور اب ایم کیو ایم کے رہنما اپنی بوکھلاہٹ کو چھپانے کے لیے وہاں پر جلسہ کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی پارٹی کی جانب سے کسی بھی مقام پر سیاسی جلسہ یا سیاسی کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے مگر ایم کیو ایم کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ ان کے لوگ اب ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیرا علی سندھ نے کہا کہ لوکل باڈیز سے گھوسٹ ملازمین تلاش کرنے کا کام کیاگیا اور ہر ایک جانتا ہے کہ اس سے کون متاثر ہوا ہے اور ان کا کس جماعت سے تعلق تھا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ لیاری میں پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ان کی حکومت کام کررہی ہے اور ہم نے لیاری میں دو آر او پلانٹس نصب کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان پلانٹس کے حوالے سے چند مسائل ہیں جنہیں حل کرلیاجائے گا اور اب پانی کی قلت کے مسئلے پر قابو پالیاجائیگا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ لیاری پاکستان پیپلز پارٹی کا تھا ،ہے اور رہے گا کیونکہ وہاں پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سچے جیالے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعلی سندھ نے ایم پی اے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کی برسی کی تقریب میں شرکت کی اور مرحوم کی روح کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اس موقع پر سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ،وقار مہدی، سعید غنی ، راشد ربانی ، قادر پٹیل سمیت کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔