بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے ‘تحریک حریت

سیدعلی گیلانی کی طرف سے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری کی والدہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار فورسز اہلکار خون اور آگ کا جو کھیل کھیل رہے ہیں اس سے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ہے

جمعہ 4 مئی 2018 12:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سرینگر سینٹرل جیل میں گزشتہ بارہ سال سے غیر قانونی طورپر نظر فاروق احمد شیخ کی والدہ کے انتقال پر گہرئے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوںنے مرحومہ کی بلندی درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

انہوںنے فاروق احمد شیخ کے صبرو ثبات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ظالم انتظامیہ نے فاروق کو اپنی والدہ کے نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت نہ دے کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا ارتکاب کیا جو کہ قابل مذمت ہے۔ادھر تحریک حریت جموں وکشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں ترکہ وانگام شوپیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک طالب علم کے قتل اور درجنوںکو زخمی کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے اور فوجی کارروائوں کے دوران نہتے کشمیریوں پر اندھادھند فائرنگ روز کا معمول بن گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ترکہ وانگام میں بھارتی فوج، سینٹرل ریزروپولیس فورس اور بھارتی پولیس کے اہلکاروں نے عمر احمد کمہار اور دیگر شہریوں کو براہ راست اندھادھند گولیوں کا نشانہ بنایا جس سے عمر احمد شہید اور درجنوں افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں چند نوجوان موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

تحریک حریت ضلع شوپیان کے رہنماء شہید عمر کمہار کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اورزخمیوں کی عیادت کیلئے ترکہ وانگام شوپیاں گئے ۔انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے مکانوں کو نذر آتش کرنے کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ فورسز اہلکار خون اور آگ کا جو کھیل کھیل رہے ہیں اس سے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ہے۔