ایم ایم اے کا جلسہ قومی وحدت اور یکجہتی کا عظیم الشان مظاہرہ ہوگا ،ْمیاں محمد اسلم

ظالم اور کرپٹ سرمایہ دارانہ سیاست کے مقابلے میں عام آدمی کی ترجمانی متحدہ مجلس عمل کرتی ہے ، عشایئے سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 20:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کی13 مئی کا مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہونے والا ایم ایم اے کا جلسہ قومی وحدت اور یکجہتی کا عظیم الشان مظاہرہ ہوگا جس میں فرقہ وارانہ ، مذہبی ، لسانی اور علاقائی تعصبات کے بت پاش پاش ہو جائیں گے۔

قوم دیانتدار اور باکردار لوگوں کو ووٹ دے گی تو پاکستان کرپشن فری بنے گا۔ اس وقت متحدہ مجلس عمل ہی ایک حقیقی متبادل ہے ۔ ظالم اور کرپٹ سرمایہ دارانہ سیاست کے مقابلے میں عام آدمی کی ترجمانی متحدہ مجلس عمل کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آئی ٹین میں نوجوانوں کے اعزاز میں دیے گئے عشایئے سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل محمد کاشف چوہدری اور دیگر بھی مو جو د تھے۔

میاں محمد اسلم نے کہا اس وقت حقیقی متبادل قوت صرف متحدہ مجلس عمل ہے جو بیس کروڑ عوام کی حقیقی نمائندہ ہے ۔ میدان میں موجود باقی تمام پارٹیوں کو عوام نے آزمالیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹیاں اور پرچم بدل بدل کر قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کرنے والے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ،عوام ان فصلی بٹیروں کے چنگل میں آنے والے نہیں ۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ 13 مئی کو ایم ایم اے کا مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ مستقبل کی قومی سیاست کا رخ متعین کردے گا ۔