Live Updates

نواز شریف خلائی مخلوق کی نشاندہی کریں ‘محمود الرشید

ن لیگ لوٹی دولت بچانے کیلئے ریاستی اداروں کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہی ہے‘میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 مئی 2018 22:40

نواز شریف خلائی مخلوق کی نشاندہی کریں ‘محمود الرشید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ نواز شریف خلائی مخلوق کی نشاندہی کریں، (ن) لیگ لوٹی دولت بچانے کیلئے ریاستی اداروں کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہی ہے، رانا ثنا کے ٹیسٹ کی نہیں علاج اور اخلاقی تربیت جبری دینے کی ضرورت ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے قبل احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف آج خودپرمشکل وقت آیا ہے تو خلائی مخلوق کا شور مچا رہے ہیں صرف لوٹی دولت کو بچانے کیلئے ریاست کے مقدس اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں، ایک نارمل شخص ملک اور ریاست کیخلاف ہرزہ سرائی نہیں کر سکتا اس لئے مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری طور پر نواز شریف کا دماغی معائنہ کرایا جائے کیونکہ اگر امر یکہ اپنے صدر ٹرمپ کے دماغی معائنہ کرا سکتا ہے تو یہاں کیوں نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ ویسے تو پنجاب کے وزراء سمیت بیشتر ن لیگیوں کے دماغی ٹیسٹ ہونے چاہیں لیکن وزیر قانون کو تو باقاعدہ علاج کرانے اور اخلاقی تربیت جبری دلانے کی ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ خواتین کارکن تحریک انصاف کی ہوں یا کسی اور جماعت کی سب قابل احترام ہیں لیکن ن لیگ اس قابل نہیں کہ اس میں خواتین بطور ورکر کام کر سکیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات