Live Updates

جسٹس اعجاز افضل ریٹائر ہوگئے ،ْطلال چودھری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرنے والا بنچ تحلیل

عمران خان جیسے مصنوعی لیڈر نہ پیدا کیے جائیں، (ن) لیگ کی اکثریت کو توڑتے توڑتے ملک کا کیا حشر کر دیا ،ْ بروقت انتخاب کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،ْ طلال چوہدری کی میڈیا سے بات چیت

پیر 7 مئی 2018 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرنے والا بنچ جسٹس اعجاز افضل کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے تحلیل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کر رہا تھا۔جسٹس اعجاز افضل خان پیر کو ریٹائر ہو گئے جس کی وجہ سے بنچ تحلیل ہوگیا اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار اب طلال چودھری کے خلاف توہین عدالت کی سماعت کیلئے نیا بنچ تشکیل دیں گے۔واضح رہے کہ رواں برس یکم فروری کو عدلیہ مخالف تقریر پر آرٹیکل 184 (3) کے تحت چیف جسٹس ثاقب نثار نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

طلال چودھری نے رواں برس جنوری میں جڑانوالہ کے جلسے میں مبینہ طور پر ججز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی ،ْوہ اس سے قبل بھی پاناما کیس کے سلسلے میں شریف خاندان کے مالی اثاثوں کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی اور عدلیہ کو نشانہ بناچکے ہیں۔

توہین عدالت کیس میں طلال چوہدری پر 15 مارچ کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔وزیر مملکت طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا احسن اقبال پر حملہ افسوسناک ہے، وزیر داخلہ نے پاکستان کے حوالے سے اپنا کردار ادا کیا، کیا وزیر داخلہ پر حملہ صرف ایک سیاسی جماعت کے قائد پر حملہ ہے انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے ملک کا عالمی سطح پر غلط تاثر جاتا ہے، پاکستان کو ناکام کرنے کا پلان کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

طلال چوہدری نے کہاکہ ہم نے ٹھان لی ہے پاکستان میں انتہاپسندی نہیں رہنے دیں گے، کراچی میں جماعت اسلامی کو شکست کیلئے ایم کیو ایم بنائی گئی تاہم وہی ایم کیوایم پاکستان کو توڑنے کی بات کرتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی پر الزام لگا کر کارکنوں کو کوئی پیغام نہیں دیا، ہم اس بلٹ کا مقابلہ بیلٹ سے کریں گے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا جمہوریت پسند انسان ہوں ،ْامید ہے عدالت مجھے انصاف فراہم کریگی۔

انہوں نے کہا کہ بے معنی سی بات ہے پرملک کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ نااہل ہوئے جس ملک کا وزیر خارجہ نااہل، وزیرداخلہ زخمی ہو جائے تو کیا ہوگا، یہ بات خلائی مخلوق کو سمجھنی چاہیے کہ ملک کا کیا ہوگا، ایسا کوئی کام نہ کیاجائے جس سے پاکستان کو نقصان ہو، ٹیسٹ ٹیوب بے بیز بنا کرانہیں دودھ نہ پلایا جائے، عمران خان جیسے لوگ بھی پیدا نہ کیے جائیں۔

طلال چوہدری نے کہاکہ ہم بلٹ کا مقابلہ بیلٹ سے کریں گے، کچھ بھی ہو ہم انتخابات ملتوی نہیں ہونے دیں گے، نوازشریف کو لگنے والے زخموں کا جواب الیکشن میں دیں گے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو سیاست سے دور کرنے کی سازش ہو رہی ہے، نوازشریف کو روکنے کے لیے اب ملک کا حشر کیا جا رہا ہے، این اے 120 میں انتہا پسند جماعتوں کو آگے لایا گیا ،ْاللہ کے گھر کو انتخابی دفتر بنایا گیا ،مساجد سے زہر اگلا گیا، مذہبی جنونیت کے نام پر سیاسی بننے والے اس سال ناکام ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات