مقبوضہ کشمیر : آزادی پسند تنظیموں کے وفود کا شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی

بدھ 9 مئی 2018 19:23

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں مختلف آزادی پسند تنظیموں کے وفود بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف علاقوں میں گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یوسف نقاش، حکیم عبدالرشیداور جاوید احمد میر شہید عادل احمد یتواور شہید فیاض احمد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر میں انکے گھر گئے۔

وہ شہید پروفیسر رفیع بٹ کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے گاندر بل بھی گئے۔ جموںوکشمیر مسلم کانفرنس ، جموںوکشمیر پیپلز لیگ، ینگ مینز لیگ اور تحریک مزاحمت کے وفود بھی شبیر احمد ڈار، مختار احمد وازہ ، امتیاز احمد ریشی کی قیادت میں شہید رفیع بٹ کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے گاندر بل گئے۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ کی ہدایت پر پارٹی کا ایک وفد شہید نوجوانوں کے ورثا کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر، گاندر بل اور شوپیاں کے اضلاع میں گیا۔

ادھر تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی اور جموںوکشمیرسالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے اپنے بیانات میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بیگناہ نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ سا?تھ ایشیا سینٹر فار پیس اینڈ ہیومن رائٹس یو کے کے چیئرمین پروفیسر نذیر احمدشال نے برطانیہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی منصوبہ بند نسل کشی کا نوٹس لے۔