مقبوضہ کشمیر،احتجاج روکنے کیلئے حریت رہنما میر واعظ کو نظر بند کردیاگیا

راہنما نے سری نگر کی جامع مسجد میں خطاب کے بعد احتجاج میں شرکت کرناتھی

جمعہ 11 مئی 2018 18:36

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) بھارتی پولیس نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے احتجاج کو روکنے کے لئے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کردیا،راہنما نے سری نگر کی جامع مسجد میں خطاب کے بعد احتجاج میں شرکت کرناتھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کشمیریوں کا احتجاج روکنے کے لئے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کردیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت قیادت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کر رکھا تھا اور میر واعظ عمر فاروق کو سری نگر کی جامع مسجد میں خطاب کے بعد احتجاج میں شرکت کرنا تھا۔قابض پولیس نے حریت قیادت کی جانب سے احتجاج کی کال کو ناکام بنانے کے لیے میر واعظ عمر فاروق کو نماز جمعہ کے اجتماع سے روکتے ہوئے گھر میں ہی نظربند کردیا۔واضح رہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے بڑھتے مظالم اور حالیہ چند روز کے دوران درجنوں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرنے کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔