اصول کی سیاست کے دعویداروں نے وصولی کرکے بے اصولی کا نیا ریکارڈ بنایا ہی:شہبازشریف

باشعور عوام زرداری اور نیازی دونوں بھائیوں کو پہچان چکے، دونوںنے عوام کو صرف کھوکھلے نعرے دیئے ہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے فلاح عامہ کیلئے بے مثال اقدامات ان عناصر کی سیاست کو دفن کر دینگے الیکشن 2018 خدمت، دیانت اور شفافیت کی جیت کی نوید لائے گا،وزیراعلیٰ کی منتخب نمائندوں سے گفتگو

جمعہ 11 مئی 2018 21:49

اصول کی سیاست کے دعویداروں نے وصولی کرکے بے اصولی کا نیا ریکارڈ بنایا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی سب کیلئے رول ماڈل ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کے پروگرام پر محنت سے کام کیا گیا ہے اور آج پنجاب ان شعبوں میں سب سے آگے ہے جبکہ خیبرپختونخوا اور سندھ میں عوام کو بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرداری اور نیازی دونوں نے اپنے صوبوں کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ اصول کی سیاست کے دعویدار سیاستدانوں نے وصولی کرکے بے اصولی کا نیا ریکارڈ بنایا ہے جس کی گواہی سینیٹ الیکشن میں سامنے آ چکی ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام زرداری اور نیازی دونوں بھائیوں کو پہچان چکے ہیں۔ زرداری اور نیازی نے گزشتہ 5 سال میں عوام کو صرف کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا ہے۔

(جاری ہے)

نیازی صاحب کی سیاست دھرنوں، یوٹرن اور جھوٹ کے ریکارڈ قائم کرنے سے عبارت ہے۔ نام نہاد تبدیلی کے دعویدار خیبرپختونخوا میں کوئی بھی قابل ذکر منصوبہ مکمل نہ کرسکے اور میٹرو بس کے منصوبے کے نام پر پشاور شہر کو اکھاڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کے سوئس بینکوں میں پڑے قوم کے اربوں ڈالر کرپشن کی داستان سنا رہے ہیں۔ سر سے پائوں تک کرپشن میں لتھڑے اب احتساب کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے فلاح عامہ کیلئے بے مثال اقدامات ان عناصر کی سیاست کو دفن کر دیں گے اور آئندہ الیکشن خدمت، دیانت اور شفافیت کی جیت کی نوید لائے گا۔ پاکستان کے غیور عوام آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اور نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں او ر لوٹ مار کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے۔ وہ منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔