Live Updates

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے عام انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے ،

حکومتی کارکردگی کو عوام میں اجاگر کرنے اور منشور کی تیاری کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدیں نوازشریف مرکزی پارلیمانی بورڈ ،مشاہد حسین میڈیا سیل ،زاہد حامد الیکشن سیل ، احسن اقبال منشور کمیٹی کے سربراہ ہونگے اجلاس میں نوازشریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کو مؤثر انداز میں عوام میں اجاگر کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور،خلائی مخلوق کا بھی تذکرہ ، وزیراعظم نے نگران حکومت کے قیام کیلئے قائد حزب اختلاف سے ہونے والی بات چیت سے شرکاء کو آگاہ کیا، ذرائع

جمعہ 11 مئی 2018 23:40

ُ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں 2018کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو یقینی بنانے ، حکومتی کارکردگی کو عوام میں اجاگر کرنے اور منشور کی تیاری کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ مرکزی پارلیمانی بورڈ کی سربراہی سابق وزیراعظم (ن) لیگ کے قائد میاں نوازشریف کریں گے ۔

ذرائع نے آئی این پی کو بتایا کہ پنجاب ہائوس میں سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا جو اجلاس منعقد ہوا اس میں انتخابات میں کامیابی کیلئے ووٹ کو عزت دو کا نوازشریف کا بیانیہ مؤثر انداز میں عوام میں اجاگر کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی کے حوالے سے بھی تمام تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خلائی مخلوق کا بھی تذکرہ ہوا جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نگران حکومت کے قیام کیلئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے بھی ہونے والی بات چیت سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر مشاہد حسین سید کو 2018کے عام انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) کے میڈیا سیل کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے اور انہیں مسلم لیگ (ن) کے لاہور ماڈل ٹائون کے سیکرٹریٹ میں باقاعدہ دفتر بھی دے دیا گیا ہے ۔

میڈیا سیل میں دیگر ارکان کے ناموں کا اعلان بھی جلد کردیا جائے گا ۔ دریں اثناء منشور کمیٹی کا سربراہ وزیرداخلہ احسن اقبال کو بنایا گیا ہے ۔ احسن اقبال کی سربراہی میں منشور کمیٹی جون کے دوسرے ہفتے میں (ن) لیگ کا منشور تیار کر کے پیش کرے گی ۔ سابق وزیرقانون زاہد حامد کو الیکشن سیل کا انچارج بنا دیا گیا ہے ۔ زاہد حامد ماڈل ٹائون میں (ن) لیگ کے سیکرٹریٹ میں ٹکٹوں کی تقسیم اور پارٹی کے دیگر امور پر پارٹی قائد میاں نوازشریف اور پارٹی صدر میاں شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کوآرڈینیٹر کے طور پر فرائض انجام دیں گے ۔

مرکزی پارلیمانی بورڈ کی سربراہی میاں نوازشریف کریں گے ، مرکزی پارلیمانی بورڈ میں پارٹی صدر وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف، راجہ ظفر الحق ، پرویز رشید ، مشاہد حسین سید ، حمزہ شہباز ، مریم نواز ،خواجہ سعد رفیق ، امیر مقام ، شاہ محمد شاہ اور دیگر رہنما شامل ہوں گے جبکہ صوبائی پارلیمانی بورڈ کی سربراہی (ن) لیگ کے صوبائی صدور کو سونپی گئی ہے ۔ صوبائی پارلیمانی بورڈ صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹوں کی منظوری دے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات