بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں جنگ بندی کا اعلان ایک نمائشی اقدام ہے‘ اشرف صحرائی

سیز فائر مستقل ہونا چاہیے اور اسکامقصد تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے ایک ٹھوس روڈ میپ تلاش کرنا ہوگا

جمعرات 17 مئی 2018 12:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جنگ بندی کا اعلان محض ایک نمائشی اقدام ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سیز فائر مستقل ہونا چاہیے اور اسکامقصد تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے ایک ٹھوس روڈ میپ تلاش کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے یہ کہنا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں کشمیر میں فوجی کارروائیاں نہیں کی جائیں گی کامطلب یہ ہے کہ رمضان کے بعد قابض فورسز کی طرف سے بیگناہ کشمیریوں کا قتل اور جبر وا ستبدا دکا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گا لہذا اس اقدام کو سیز فائر کا نام کیسے دیا جاسکتا ہے۔

محمد اشر ف صحرائی نے کہا کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں اور وہ ایک عظیم مقصد کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارت نمائشی اقدامات سے انہیں ہرگز بہلا نہیں سکتا۔ انہوںنے کہا کہ اگر بھارت تنازعہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ ہوتا تو وہ سیز فائر کے ساتھ ساتھ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں اور پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک روڈ میپ بھی پیش کرتا۔