نگران وزیر اعظم کے لیے نام پر آج حتمی فیصلے کا امکان

اگر میں نگران وزیراعظم بنا تو کسی کو دھاندلی کی اجازت نہیں دوں گا، نامزد اُمیدوار ذکا اشرف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 مئی 2018 11:49

نگران وزیر اعظم کے لیے نام پر آج حتمی فیصلے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2018ء) : نگران وزیرا عظم کی تعیناتی کے لیے نام پر آج حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے ، اس ضمن میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے مابین ملاقات جاری ہے۔ ملاقات میں نگران وزیر اعظم کے لیے حتمی نام کا اعلان کیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نگران وزیر اعظم کے لیے نامزد کیے گئے اُمیدوار ذکا اشرف نے کہا کہ 2018ء کا الیکشن پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار الیکشن ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی کسی کو کوئی اجازت نہیں دی جائے گی، الیکشن تو الیکشن کمیشن نے کروانے ہیں لیکن انتظامی امور اتنے احسن طریقے سے انجام دیے جائیں گے کہ پولنگ اسٹیشن پر چڑیا بھی پر نہ مار سکے۔ انہوں نے میڈیا نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اقتصادی صورت حال نہ گفتہ بہ ہے، مہنگائی ، بے روزگاری اور لا اینڈ آرڈر کے بارے میں میں اگر کچھ کہوں گا تو موجودہ حکمران تلملا اُٹھیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایک نگران وزیر اعظم دو ماہ میں کچھ بھی نہیں کر سکتا، نگران وزیر اعظم نے صرف صے ٹو ڈے معاملات کو چلانا ہوتا ہے، چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردرای نے میرا انتخاب کیا ہے میں تہہ دل سے اہپنی قیادت کا مشکور و ممنون ہوں کہ انہوں نے مجھے اس بہت بڑی ذمہ داری کے قابل سمجھا، حالانکہ پارٹی میں ایک سے بڑھ کر ایک نامور لوگ موجود ہیں، میرے لیڈر آصف علی زرداری نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت سے پہلے ہی مجھ سے استعفیٰ لے لیا تھا اور میرے ساتھ طویل مذاکرات کیے اور ملک کی بہتری کے لیے دن رات کام کرنے کی تلقین کی ۔

اگر میں نگران وزیر اعظم بن گیا تو میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ساےھ لے کر چلوں گا، اور جو ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا رونا رویا جاتا ہے اس کو دوہرانے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادنہ انتخابات کروائے گی اور اقتدار پُر امن طریقہ سے جیتنے والی پارٹی کو منتقل کر دیا جائے گا۔ یہ تاریخی لمحات ہوں گے کہ ہر شخص الیکشن 2018ء کی تعریف کرے گا۔