مقبوضہ کشمیر‘ مختار وازہ اورسالویشن موومنٹ کے وفد نے زخمیوں کی عیادت کی

انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام رکوانے کیلئے کردار ادا کریں

جمعرات 24 مئی 2018 20:37

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ گرینڈ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے بیج بہاڑہ کے ہسپتال گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے اس موقع پر زخمی افرا د کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انکی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی۔

انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام رکوانے کیلئے کردار ادا کریں۔بیج بہاڑہ کے علاقے گوری ون میں بدھ کے روز ایک گرینڈ دھماکے میں تین خواتین سمیت کم از کم دس افراد زخمی ہو گئے تھے۔ جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ کی ہدایت پر غازی جاوید بابا، ارشاد احمد، مختار احمد ، سجاد احمد، مولوی مشتاق ، حاذق احمد ، ایوب احمد پر مشتمل پارٹی کا ایک وفدبھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی افراد کی عیادت کیلئے سرینگر کے صدر ہسپتال گیا۔

(جاری ہے)

وفد نے اس موقع پر بھارتی فورسز کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں جنگ بندی کا بھارتی اعلان محض ایک ڈرامہ ہے۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیان کے علاقے درد کالی پورہ میں افطار کے وقت شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ اور چار لڑکوں کو زخمی کر دیا تھا۔ سالویشن مومنٹ ترجمان نے ایک بیان میں پارٹی چیئرمین اکبر بٹ کی گھر میں مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ادھر ڈورو شاہ میں بھارتی پولیس کی طرف سے گرفتار کیے گئے نوجوانوںماجد احمد شیخ ،اعجاز احمد ملک ،شبیر احمد راتھر ، ظہور احمد ایتو ولد کے اہلخانہ نے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلخانہ کے مطابق بھارتی پولیس نے ان نوجوانوں کو ایک ہفتہ قبل بلا وجہ گرفتار کیاتھا۔