ہماری حکومت کو یہ تاریخ ساز اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ اس کا دوسرا بجٹ پیش ہوا ‘آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ جو کہ ایک کھرب اور 8ارب روپے پر مشتمل ہے‘ اس کا سہرا قائد مسلم لیگ (ن) قائد نواز شریف، وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت اُن کی ٹیم کو جاتا ہے

وزیر جنگلات حکومت آزاد کشمیر سردار میر اکبر خان کا اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

جمعہ 25 مئی 2018 17:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2018ء) آزاد کشمیر حکومت کا بجٹ سیشن نماز ظہر کے وقفہ کے بعد ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کی صدارت میں شروع ہوا۔ وزیر جنگلات حکومت آزاد کشمیر سردار میر اکبر خان نے کہا کہ ہماری حکومت کو یہ تاریخ ساز اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ اس کا دوسرا بجٹ پیش ہوا اور آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ جو کہ ایک کھرب اور آٹھ ارب روپے پر مشتمل ہے۔

اس کا سہرا قائد مُسلم لیگ (ن) سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت اُن کی ٹیم کو جاتا ہے۔ آزاد کشمیر میں ترقی کا سنگ میل ہم عبور کریں گے۔ اضلاع کی بڑی رابطہ سڑکوں کا معیار بہتر کرنے اور تکمیل میںنے کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے نظام کو موثر کر کے آزاد کشمیر میں پڑھے لکھے افراد کو بغیر سفارش اور ذریعے کے آگے نکلنے کے مواقع مہیا کیے ہیں۔

آج اپوزیشن سمیت سارے مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ ہم میرٹ اور معیار پر یقین رکھتے ہیں آزاد کشمیر کے عوام کو اچھی حکومت دی ہے۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں اچھے اقدامات ہو رہے ہیں۔ سابق سپیکر اسمبلی میجر(ر) سردار محمد ایوب خان ممبر اسمبلی (وقت) نے آج سے 45سال قبل اسمبلی کے فورم پرقرارداد ختم نبوت پیش کی اور دُنیا بھر میں مرزائی غیر مُسلم اقلیت قرار پائے۔

یہ اُن کا تاریخ ساز سنہری کارنامہ تھا جس پر نہ صرف ریاست کے عوام کو بلکہ پوری ملت اسلامیہ کو فخر ہے۔ اس قرارداد پر سابق کسی حکومت کو توفیق نہیں ہوئی کہ وہ قانون سازی کریں۔ یہ اعزاز ہماری حکومت کو جاتا ہے کہ اس نے قرارداد ختم نبوت پر قانون سازی کرنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ جس پر وزیر اعظم آزاد کشمیر اور پورا ایوان مبارکباد کا مستحق ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف سابق وزیر اعظم پاکستان پر تنقید تو کی جاتی ہے مگر اُن کی خدمات کو مد نظر نہیں رکھا جاتا۔ پاکستان ایٹمی قوت بنا۔ آزاد کشمیر کا خطہ سی پیک میں شامل ہوا۔ سابق دور میں بہت کچھ ہوتا رہا ہم نے کبی بھی پاکستانی قیادت کے خلاف بات نہیں کی۔ ہمیں اپنی ادائوں پر غور کرنا چاہیے۔ تحریک آزاد یء کشمیربھی وزیر اعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں ہر فورم پر اُجاگر کی گئی۔

جناب سپیکر بیروری ممالک میں وفود کا بھی اہم رول رہا ہے۔ کچھ تو بہتری بتائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے میں اپنا بھرپور رول ادا کر رہا ہوں۔ سمگلنگ بند کر دی گئی ہے۔ جنگلات کے رقبے میں لوگ تجاوز کر رہے ہیں۔ سکول ، مساجد، قبرستان اور اپنے مکانات بھی لوگ بنا رہے ہیں۔ ہم نے مثبت اقدامات کیے ہیں۔ تجاوزات روکیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ میرپور میں3ہزار کنال پر قابضین ہیں سب ملکر تعاون کریں، یہ قوموں کا مستقبل ہے۔ ہمیں ملکر بہتری کرنی ہے۔ اُنہوں نے بجٹ کی بھرپور تائید کرتے ہوئے اسے پاس کرنے سے اتفاق کیا۔