رواں مالی سال کا بجٹ بہتری منصوبہ بندی کے تحت پیش کیا گیا ہے جس پر وزیر اعظم آزادکشمیر اور ریاستی بیورو کریسی مبارکباد کی مستحق ہے

آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے نظر ثانی میزانیہ2017-18اور تخمینہ میزانیہ2018-19پر بحث میں اظہار خیال

ہفتہ 26 مئی 2018 16:33

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے ہفتہ کے روز آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں نظر ثانی میزانیہ2017-18اور تخمینہ میزانیہ2018-19پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ ساز بجٹ پیش کرنا ہماری ذمہ داری تھی اور عوام نے ہمیںجو مینڈیٹ دیا تھا سکا تقاضا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف نے ہمارے بجٹ پر کٹ نہیں لگنے دی جس پر وفاقی قیادت کا شکرگزار ہوں ۔

رواں مالی سال کا بجٹ بہتری منصوبہ بندی کے تحت پیش کیا گیا ہے جس پر وزیر اعظم آزادکشمیر اور ریاستی بیورو کریسی مبارکباد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے اپنی ترجیحات پر عملدرآمد جاری رکھا ہوا ہے ہم نے تحریک آزادی کشمیر کو ہر فور م اور ہر سطح پر اجاگرکرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ آزادکشمیر حکومت کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے کردار واضح کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قائد ایوان کی قیادت میں یہ کوشش کی ہے کہ ہم پچھلے دورمیں اپوزیشن میں رہ کر جو مسائل محسوس کیے اب وہ ختم ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے میرٹ کی بالادستی کیلئے بلا تخصیص کام کیا ،باوقار پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کا نفاذ عمل میں لایا ۔ ہم نے عوامی مفاد کے تمام محکموں کی سروسز کو بہتر بنانے پر کام کیا۔ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ ہماری حکومت نے گورننس میں بہتری لائی ہے۔

ہماری حکومت نے میرٹ کی بالادستی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پائیدار ترقی کیلئے منصوبہ جات کی بروقت تکمیل ضروری ہے ۔ حکومت آنے والے وقت میں ٹورازم ، ہائیڈل اور دیگر ذرائع کو فوکس کرکے اپنی معیشت کو بہتر بنائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں آئینی ترامیم کو تمام مکتبہ فکر سپورٹ کررہے ہیں اور اس سلسلہ میں حکومت پاکستان کا رویہ بھی ہمدردانہ ہے ۔

ہم آزادکشمیر حکومت کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں کشمیر کونسل کو ختم کرنے کیلئے نہیں بلکہ متوازی حکومت ختم کرنے کا تصورلیکر آئے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ عددی لحاظ سے ہم ایوان میں اکثریت میں ہیں لیکن ہم اخلاقی لحاظ سے بھی برتری رکھنا چاہتے ہیں اسی لیے ہم اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں ۔ ہم اپنے لیڈروںکی قدر کرتے ہیں ۔ مجاہد اول آج بھی ہمارے دلوں پر راج کرتے ہیں ۔

اسی طرح میاں نواز شریف 3بار پاکستان کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں ۔ وہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں ۔ ان کے خلاف آزادکشمیر کے لوگوں کو بات نہیں کرنی چاہیے ۔ نواز شریف نے پاکستان اور آزادکشمیر کو بہت کچھ دیا ۔ ہمیں اپنے ذاتی مقاصد کیلئے قومی قیادت کو استعمال نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ پاک فوج ہماری محافظ ہے اسکے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ہمارے قائدین ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ان سے ہم نے رہنمائی حاصل کی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ سی پیک میں آزادکشمیر کی شمولیت پر میاں محمد نواز شریف کے شکرگزار ہیں ۔ آزادکشمیر میں زراعت کے شعبہ کو ترقی دینگے اور ٹنل فارمنگ میں مزید بہتری لائیں گے تاکہ عوام کو روزگار حاصل ہو سکے ۔ لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے منصوبہ جات سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں جن کے تحت لوگوں کو خود کفیل بنایا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ پیپرا رولز کے نفاذ سے ٹینڈرنگ کے عمل میں شفافیت آئی ہے ۔ md/mnm/ifa 1541