مقبوضہ کشمیر میں قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں‘ جموںوکشمیر مسلم لیگ

فوج نے ایک مجاہدکے گھر کو مکینوں سمیت نذر آتش کرنے کی جو کوشش کی وہ اسکے ذہنی ذہنی دیوالیہ پن اور طاقت کے خمار کا کھلا مظہر ہے

جمعہ 1 جون 2018 17:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوں کی قبروں کی بے حرمتی ، انکے گھروں کو نذر آتش اور عزیز و اقارب کو گرفتارکرنے کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں اس وقت جنگل راج قائم ہے او ر قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فوجیوںنے دربگام میں شہداء کے قبروں کی بے حرمتی کے علاوہ گنڈبگ کاکاپورہ میں ایک مجاہدکے گھر کو مکینوں سمیت نذر آتش کرنے کی جو کوشش کی وہ اسکے ذہنی ذہنی دیوالیہ پن اور طاقت کے خمار کا کھلا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے گھروں میں گھس کرجس طرح سے مکینوں کو تشدد اور دھونس و دبائو کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان کے کھیت و کھلیان تباہ کیے جاتے ہیں وہ بھارتی فوج کے شروع کر دہ’’آپریشن آل اوٹ‘‘ کا ایک حصہ ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ان بہیمانہ کارروائیوں کا مقصد غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف لڑنے والے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ انکے اہلخانہ کو بھی انتقام گیری کا نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض فوج ظلم و ستم کے تمام ریکارڑ توڑ کر کشمیریوںکی نسل کشی میںمصروف ہے جبکہ مقبوضہ علاقے کی کٹھ پتلی انتظامیہ اس مکروہ عمل میں برابر کی ملوث ہے۔