تحریک آزادی کا آغاز یہاں سدھنوتی سے ہوا تھا،سدھنوتی کے لوگو ں نے لازوال قربانیاں دیں ،ْبیرسٹر سلطان محمود

پاکستان میں پی ٹی آئی کا سورج طلوع ہو رہا ہے اور اسکی روشنی کی کرنیں آزاد کشمیر میں بھی پھیلیں گی،سدھنوتی کے عوام پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر جمع ہوں ،ْسابق وزیر اعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 2 جون 2018 16:46

پلندری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کا آغاز یہاں سدھنوتی سے ہوا تھا۔ یہاں کے لوگو ں نے لازوال قربانیاں دیں ۔سبز علی خان اور ملی خان نے اپنی کھالیں تو کھنچوائیں لیکن اپنے مشن کو جاری رکھا۔انہیں قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے میں نے اپنے دور حکومت میں پلندری میں کیڈٹ کالج لایا ،بائی پاس روڈ بنوائی، تعمیر ترقی کے منصوبے شروع کرائے جبکہ اسکے بعد پلندری میں کوئی تعمیر و ترق نہیں ہوئی۔

اب جبکہ پاکستان میں پی ٹی آئی کا سورج طلوع ہو رہا ہے اور اسکی روشنی کی کرنیں آزاد کشمیر میں بھی پھیلیں گی۔لہذا اسکے لئے ضروری ہے کہ یہاں کے عوام پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر جمع ہوںکیونکہ نواز شریف تو اپنے جھوٹے وعدوں کے ساتھ چلا گیا۔

(جاری ہے)

اب آزاد کشمیر میں بھی نواز شریف کی باقیات حکومت ڈانواں ڈول ہے۔آج اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی اس افطار ڈنر میں شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی کشمیر یہاں اب ایک بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز (ہفتہ ) کو پلندری(سدھنوتی)میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر افطار ڈنر کے جلسے کی صدارت سردار عتیق سخاوت سدوزئی نے کی جبکہ جلسہ سے پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان،سردار شاہد خان، سردار امجد اکبر، محترمہ رابعہ خان، عوامی تحریک کے سردار اعجاز سدوزئی سردار مشتاق ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم شہداء کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں جبکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتیں اپنے روایتی موقف سے بھی ہٹ رہی ہیں۔میں نے ہر فورم پر ڈیڑھ کروڑ کشمیر ی عوام کے موقف کو آگے بڑھاتے ہوئے مسئلہ کشمیرکو اٹھایا اور آئندہ بھی اٹھاتا رہوں گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی سدھنوتی سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہاء نہیں بلکہ آزادی کے بیس کیمپ کا بچہ بچہ انکی جدوجہد میں انکے ساتھ ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ تحریک آزادی کا آغاز سدھنوتی سے ہوا یہاں پر لوگوں نے اپنی کھالیں تو کھنچوائی پر اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انھوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔