کاغذات نامزدگی پر سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے،حنیف عباسی

مسلم لیگ ن کی قیادت کی بھی خواہش تھی کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں مسلم لیگ ن پوری تیاری کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے گی،ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی ،میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 جون 2018 19:20

شیخوپور ہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2018ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی پر سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے مسلم لیگ ن کی قیادت کی بھی خواہش تھی کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں مسلم لیگ ن پوری تیاری کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے گی اور پنجاب سمیت ملک بھر سے مسلم لیگ ن کے امیدواران الیکشن میں حصہ لیں گے مسلم لیگ(ن) ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی غیر جانبدار ادارے اور جرائد کے سروے میں مسلم لیگ ن الیکشن میں کامیابی کے لیے ہارٹ فیورٹ جماعت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ احمد حسان اور سابق صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو ، چیئر مین ضلع کونسل انجینئر رانا احمد عتیق انور ، ضلعی صدر (ن)لیگ محمد عارف خاں سندھیلہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور مسلم لیگ ن الزامات، گالیوں دھرنے، یوٹرن کی بنیاد پر نہیں بلکہ دہشت گردی کے خاتمے، توانائی بحران پر قابو پانے عوامی خدمت اور ملکی تعمیر وترقی کے پانچ سالہ یادگار دو ر حکومت کی بنیاد پر ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی،حنیف عباسی نے کہا کہ میٹر و بس منصوبے پر کبھی نو ارب اور کبھی بارہ ارب کے طعنے دینے والوں نے پشاور میں میٹرو منصوبہ 75ارب روپے تک پہنچا دیا ہے، مگر دو بین کے ساتھ دیکھنے سے بھی کہیں دور دور تک پشاور میں میٹرونظر نہیں آ رہی،پیپلز پارٹی نے سندھ میں پانچ سالوں میں کراچی کو کچرے کا ڈھیڑ اور پورے صوبے کو بنجر بنا دیا اور اب پھر بلند و بانگ دعووں کے ساتھ الیکشن میں آرہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ بات یاد رکھیں کہ ملک بھر کامیابی مسلم لیگ ن کا مقدر بن چکی ہے اور انشا ء اللہ دو بارہ اقتدار میں آکر میاں شہباز شریف ہی پشاور اور کراچی میں میٹرو منصوبے مکمل کرائیں گے۔