مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے‘بھارت کی دہشتگردی پر اقوام متحدہ کا چب رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اقوام متحدہ جانب دار ہو چکا ہے

سابق وزیر و ممبر اسمبلی محترمہ شازیہ اکبر چوہدری کا بیان

جمعہ 8 جون 2018 16:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) سابق وزیر و ممبر اسمبلی محترمہ شازیہ اکبر چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،بھارت کی دہشت گردی پر اقوام متحدہ کا چب رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اقوام متحدہ جانب دار ہو چکا ہے،او،آئی سی بھی بیانات تک محدود ہے،وفاقی حکومت مسئلہ کشمیر کے اجاگر کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اقوام عالم میں پیش کرنے کے لیے لابنگ کرنی چاہیے،بیرون ممالک میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے منتخب کیے جانے والے نمائندوں میں کشمیریوں کو بھی شامل کیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں 500سے زائد کم سن بچے قید میں ہیں ،عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اپنا دہرا معیار ترک کریں ،مسلمانوں کے حقوق کے لیے کوئی آواز بلند نہیں کر تا،او آئی سی کو فعال کرنے کے لیے عرب ممالک اپنا کردار ادا کریں ،انہوں نے مزید کہا کہ آزاد حکومت مسئلہ کشمیر پر بیانات کے بجائے عملی اقدامات کرے،بیرون ممالک میں فوری طور پر وفود بھجے جائیں وفود میں ان لوگوں کو شامل کیا جائے جو حقیقی معنوں میں مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کریں ۔