لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا

ہفتہ 9 جون 2018 14:15

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی کے بعد روزہ داروں کی دعائیں رنگ لے آئیں اور ہفتہ کے روز صبح سویرے سے ہی آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے ، تیز ہوائوں کے بعد مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور کہیں کہیں بارش نے موسم انتہائی خوشگوار کر دیا اور کئی روز سے جاری سخت گرمی اور حبس کا زور توٹ گیا جس پر شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے محکمہ موسمیات کے مطابق وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ آج (اتوار) تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔

لاہور کے علاوہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، لاہور، ساہیوال، لودھراں، بہاولنگر، ملتان، جھنگ ،ڈی جی خان، سانگلہ ہل، شیخوپورہ ،پاکپتن ،میاں چنوں ،ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش نے موسم کوخوشگورا کردیا۔

(جاری ہے)

بارش کے بعد گزشتہ چند روز کے دوران گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافے میں کمی واقع ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیراورملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں تیزہواں سمیت آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان کے بعض شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔