کراچی، حافظ نعیم الرحمن کا پانی کے بحران اور واٹر بورڈ کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود شہر میں پانی کی قلت بدستور قائم رہنے پر افسوس کا اظہار

پیر 11 جون 2018 20:54

کراچی، حافظ نعیم الرحمن کا پانی کے بحران  اور واٹر بورڈ کی جانب سے یقین ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے شہر میں پانی کے بحران میں کوئی بہتری نہ آنے اور واٹر بورڈ کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود شہر میں پانی کی قلت بدستور قائم رہنے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور واٹر بورڈ کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی ہے اور متنبہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی شہر میں پانی کے بحران اور عوام کو درپیش مشکلات اور پریشانیوں پر خاموش نہیں بیٹھے گی ،صورتحال بہتر نہ ہوئی تو عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔

نگراں حکومت سخت گرمی اور رمضان المبارک کے مہینے میں پانی کی شدید قلت کا نوٹس لے اور عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے 31مئی کو واٹر بورڈ کے ایم ڈی آفس کے باہر شاہراہ فیصل پر احتجاجی دھرنا دیا تھا اور ایم ڈی واٹر بورڈ نے یقین دہانی کرائی تھی اور وعدہ کیا تھا کہ شہرمیں پانی کی تقسیم اور دیگر مسائل کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں گے اور صورتحال میں بہتری پیدا ہوگی، لیکن افسوس کہ 11دن گزرجانے کے باوجود صورتحال ویسی ہی ہے اور عوام شہر بھر میں پانی کی قلت کے باعث شدید پریشان ہیں ،بہت سے علاقوں میں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور پریشان حال عوام سخت گرمی اور رمضان المبارک کے آخری ایام میں بھی جگہ جگہ احتجاج کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے اور عوام مہنگے داموں پانی کے ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں ،ٹینکرز کی آن لائن بکنگ اور سروس بھی عوام کے مسائل کو کم نہ کرسکی ،آن لائن نمبرز اکثر مصروف ملتے ہیں اور اگر نمبر مل بھی جائے تو بکنگ کے کئی کئی روز بعد بھی پانی نہیں مل پاتا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی کی طرح پانی کا مسئلہ بھی انتہائی اہم اور بنیادی نوعیت کا ہے ،پورا رمضان شہریوں نے پانی کے بحران میں گزارا اور اب عید الفطر کی آمد آمد ہے لیکن صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی اور عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے ،جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے اور پانی کے مسئلے کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔#