بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے سیشن کورٹ لاڑکانہ آمد، عوام کا پرجوش استقبال

بلاول بھٹو کے مد مقابل این اے 200 پر الیکشن لڑنے والے متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر مولانا راشد خالد محمود سومرو نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے وقت ثابت کرے گا کہ لاڑکانہ کے شہر باشعور ہیں اب وہ بھٹو کو ووٹ نہیں بلکہ فرزند اسلام کے بیٹے کو ووٹ دے کر کامیاب کریں گے، علامہ راشد محمود

پیر 11 جون 2018 22:33

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) الیکشن 2018 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نودیرو بھٹو ہاؤس سے اپنی بہن آصفہ بھٹو زرداری اور وکیل سابق وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ کارکنان کی بڑی ریلی کی صورت میں سیشن کورٹ لاڑکانہ پہنچے جہاں بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی میں فاروق ایچ نائیک نے ان کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے شہر کے مختلف روڈ راستوں کا دورہ کیا جہاں کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کر کے اپنی محبت کا اظہار کیا، جس کے بعد وہ گڑھی خدا بخش بھٹو روانہ ہو گئے۔ دوسری جانب بلاول بھٹو کے مد مقابل این اے 200 پر الیکشن لڑنے والے متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر مولانا راشد خالد محمود سومرو نے بھی جمعیت کے کارکنان اور عمائدین کی بڑی تعداد کے ہمراہ رٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچ کر کاغذات نامزدگی جمع کروائے جہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وقت ثابت کرے گا کہ لاڑکانہ کے شہر باشعور ہیں اب وہ محض بھٹو کا نام استعمال کر کے عمل سے خالی مصنوعی بھٹو کو ووٹ نہیں بلکہ لاڑکانہ کے شہید فرزند اسلام کے بیٹے کو ووٹ دے کر کامیاب کریں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں لاڑکانہ عوامی اتحاد اور انڑ اتحاد کے رہنما اللہ بخش انڑ نے این اے 201، معظم علی خان عباسی نے پی ایس 11 پر کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائے جبکہ لاڑکانہ عوامی اتحاد کے رہنما بھی قافلے کی صورت میں متعلقہ رٹرننگ افسران کے دفتر پہنچے۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے حاجی منور علی عباسی، عادل الطاف انڑ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔