ہمارے محسن نواز شریف کے آزمودہ دست راست شاہد خاقان عباسی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ‘جنہوں نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود نہایت بردباری اور وقار سے اپنا عرصہ مکمل کیا‘حسن اتفاق ہے کہ آپ کا حلقہ ضلع مظفرآباد‘باغ ‘ راولاکوٹ‘ کوٹلی ، پلندری کے سامنے ہے ‘انشاء اللہ آپ کی انتخابی مہم ہم خود چلائیں گے‘شاہد خاقان عباسی نے 13 ویں آئینی ترمیم پر جو استقامت دکھائی اس پر میں پوری کشمیری قوم کی جانب سے ان کا مشکور ہوں

وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کاسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب

بدھ 13 جون 2018 15:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہمارے محسن قائد پاکستان محمد نواز شریف کے آزمودہ دست راست شاہد خاقان عباسی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود نہایت بردباری اور وقار سے اپنا عرصہ مکمل کیا۔انہوں نے سابق وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ حسن اتفاق ہے کہ آپ کا حلقہ ضلع مظفرآباد،باغ ،راولاکوٹ،کوٹلی ، پلندری کے سامنے ہے انشاء اللہ آپ کی انتخابی مہم ہم خود چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے 13 ویں آئینی ترمیم پر جو استقامت دکھائی اس پر میں پوری کشمیری قوم کی جانب سے ان کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا میں تاریخ کا طالب علم ہوں اس لئے سیاسی تاریخ میرے سامنے کھلی کتاب کی طرح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا میرے لئے آج بھی محمد نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی وزیراعظم ہیں چاہے کچھ بھی ہو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی حالات کا اثر براہ راست کشمیر پر پڑتا ہے اس لئے جو کچھ یہاں ہو رہا ہے اس پر ہمیں تشویش ہے۔انہوں نے کہا ہم نے پیپلزپارٹی کا جمہوری چہرہ بھی دیکھا ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزمودہ سیاسی قیادت کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے اس پر تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ انصاف کا جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے وہ انصاف کا خون ہے،انصاف کا جو معیار اور پیمانہ شریف فیملی کیلیے بنایا گیا ہے اس سے بڑی زیادتی نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مشکلات میں ڈالتا ہے وہی سرخرو کریگا مسلم لیگ کے شیرو گھبرانا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کشمیریوں سے پوچھو پاکستان کیا ہے ،اس ملک کو غیر سنجیدہ افراد کے ہاتھوں میں کھلونا نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے کہا کشمیر کونسل اب مکمل طور پر آزادحکومت کے ماتحت ہے لہذا اگر اب بھی کسی کے ذہن میں کوئی ابہام ہے تو وہ نکال دے