کشمیر میں استحصال اور خلاف ورزیوں کی انکوائری انتہائی ضروری قرار، زید رعد الحسین

انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے، کمشنر انسانی حقوق کا مطالبہ

جمعہ 15 جون 2018 14:34

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشنر زید رعد الحسین نے کہا ہے کہ کشمیر میں استحصال اور خلاف ورزیوں کی انکوائری انتہائی ضروری ہے،انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن (COI) بنایا جائے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشنر زید رعد الحسین نے کہا ہے کہ ہیومین رائٹس کونسل کو وہ تجویز کریں گے کہ کشمیر میں رونما ہونے والی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن (COI) بنایا جائے۔

کمیشن آف انکوائری اقوام متحدہ کا سب سے اعلی تفتیشی ادارہ تصور کیا جاتا ہے اور یہ اہم متنازعہ معاملات کے لیے قائم کیا جاتا ہے۔ کونسل کا اجلاس اگلے ہفتے کے دوران شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کے درمیان سے گزرنے والی کنٹرول لائن پر دونوں ملکوں کی فوجیں متعین ہیں۔ ان افواج کے درمیان شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ گاہے گاہے جاری رہتا ہے۔