صدر آزادکشمیر سے سرکٹ ہائوس ر اولاکوٹ میں مختلف وفود کی ملاقات

صدر ریاست کی پونچھ ڈویژن کے اعلیٰ سیاسی کارکنان سے علاقے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ

بدھ 20 جون 2018 17:50

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے سرکٹ ہائوس ر اولاکوٹ میں مختلف وفود نے ملاقات کی جس کی قیادت مسلم لیگ (ن) ضلع پونچھ کے صدر اعجاز یوسف نے کی۔ وفد میں سردار عاشق صدر حلقہ 4، سردار وسیم عاشق صدر یوتھ ونگ پونچھ ڈویژن، وجیہ السلام ، محترمہ ریحانہ مسلم لیگ (ن) حلقہ 4، مرتضیٰ صادق اور یوتھ ونگ کے کارکنان بھی شامل تھے۔

صدر ریاست نے پونچھ ڈویژن کے اعلیٰ سیاسی کارکنان سے علاقے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ لی اور اس کے علاوہ ان کے دیگر مسائل بھی سنے۔ انہوں نے حاضرین کو اس بات کی تلقین کی کہ پونچھ کے ترقی کے لیے باہمی اتفاق سے کام لیا جائے اور تمام سٹیک ھولڈ رز کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جلد راولاکوٹ اور کہوٹہ کو ملانے کے لیے ایک جدید ا یکسپریس وے کی تعمیر کو مکمل کیا جائے گا جس سے تمام لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہو گی۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمارے لیے یہ باعث فخر بات ہے کہ راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری شخصیت تنویر الیاس پنجاب کی نگران حکومت میں کابینہ ممبر کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک با صلاحیت قوم ہے جنہوں نے قومی سیاست، بیوروکریسی اور فوج میں اپنے لئے اعلیٰ ترین مقام حاصل کیا ہے۔سیاسی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے صدر آزاد کشمیر نے وفد کو یقین دھانی کروائی کہ جلد اس حوالے سے پیش رفت ہونے کی امید ہے۔

صدر مسعود خان کو ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ انصر یعقوب نے راولاکوٹ میں واٹر اسکیمو ںکے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ میں پانی کے کمی ایک چیلنج ہے جس کے لیے جدید واٹر اسکیموں کو فعال کر کے اس مسئلے پر قابو پا یا جاسکے گا۔ ڈی سی راولاکوٹ نے کہا کہ علی سوجل اور سنگولہ میں موجود پانی کو موثر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے ان واٹر اسکیموں کو فعال کر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے گا۔

صدر آزاد کشمیر کو ضلعی انتظامیہ نے بریفنگ دی جس میں بلخصوص سڑکوں، نکاس آب اور دیگر شہری سہولیات کے منصوبہ جات کا تفصیلا ذکر ہوا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کو یقینی بناتے ہوئے ان منصوبہ جات کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے۔ صدر مسعود خان نے آج راولاکوٹ کے معروف ڈاکٹر محمد جاوید کے والد کی فوتگی پر ان کے گھرجاکرفاتحہ کی۔ بعد ازاںصدر آزاد کشمیر نے حاضر سروس اسکواڈرن لیڈر شوکت قیوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی جو کہوٹہ کے مقام پر گاڑی کے حادثے میں شہید ہوئے۔ انہوں نے پسماندگان سے اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔