کمانڈو ملک نہیں آئے گا، آصف علی زرداری

جب بھی ملک میں کوئی آمر آیا اس نے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی،پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 جون 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا پاکستان آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، یقین سے کہتاہوں کہ کمانڈو ملک نہیں آئے گا، ہمیں سیکورٹی نہ دینے والے کمانڈو کو آج خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں سیکورٹی نہ دینے والے کمانڈو کو آج خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کمانڈو ملک نہیں آئے گا، پرویز مشرف کہتا ہے کہ سیاست کروں گا لیکن وہ ملک بھی نہیں آتا، ملک آئے بغیر سیاست کیسے ہوگی۔پی پی کے رہنما آخر کار آمروں کے خلاف بھی بول پڑے ہیں، زرداری نے کہا کہ جب بھی ملک میں کوئی آمر آیا اس نے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

آمر ضیا الحق نے بھی سمجھا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کر کے ان کی آواز کو خاموش کر دے گا، خیال رہے کہ زیڈ اے بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد بھٹو زندہ ہے کی سوچ نے جنم لے لیا تھا۔

سابق صدر آصف زرداری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جمہوری حکومت پر شب خون مارنے والے آمر جنرل(ر)سپرویز مشرف کی اربوں روپے کی دولت پر بھی ایک ایسے وقت میں سوال اٹھایا جب انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سیاست دانوں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے پڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے انھیں تنقید کا سامنا ہے۔ سابق صدر نے کہا پرویزمشرف مانتا ہے کہ وہ پیسوں سے لت پت ہے، ان کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے، اس کا کوئی جواب نہیں ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنی دولت کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں دیا، وہ کہتا ہے کہ اربوں روپے کنگ عبد اللہ نے دیے، لیکن اس کا ثبوت کہاں ہے۔