سندھ کے الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس کے کے آغا نے سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی دہری شہریت کے خلاف درخواست مسترد کردی

پیر 25 جون 2018 18:52

سندھ کے الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس کے کے آغا نے سابق وزیراعلیٰ مراد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) سندھ کے الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس کے کے آغا نے سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی دہری شہریت کے خلاف درخواست مسترد کردی جب کہ ٹریبونل نے قرار دیا کہ مراد علی شاہ کی دہری شہریت ثابت نہیں ہوئی۔درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ مراد علی شاہ نے دہری شہریت چھپائی اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اسد اللہ بھٹو کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ٹریبونل نے اسداللہ بھٹو کی اپیل منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔امیدوار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسد اللہ بھٹو کا کسان کمپنی سے تعلق نہیں جب کہ اسٹیٹ بینک سے وضاحتی لیٹر بھی وصول کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے ٹریبونل نے پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست مسترد کردی۔سعید غنی نے الیکشن کمیشن کے خلاف پولنگ اسٹیشن حلقے سے دور بنانے کی درخواست دائر کی تھی تاہم ٹریبونل نے انہیں متعلقہ ادارے میں درخواست جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔الیکشن ٹریبوبل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل ایڈووکیٹ کی اپیل منظور کرلی۔ ریٹرننگ افسر نے کریمنلز کیسز اور اثاثے ظاہر نہ کرنے پر قادر مندوخیل کے کاغذات مسترد کر دیے تھے تاہم ٹریبونل نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔