نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف انتخابات سے قبل کارروائیوں میں تیزی لا کر پری پول رگنگ کا آغاز کردیا ہے، خواجہ طارق نذیر

شہباز شریف کی طلبی،حسن اور حسین نواز شریف کو انٹرپول کے ذریعہ ملک واپس لانے کی باتیں بدترین سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے،سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ(ن) سندھ

بدھ 27 جون 2018 17:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری اطلاعات اور حلقہ این اے 245سے امیدوار خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف انتخابات سے قبل کارروائیوں میں تیزی لا کر پری پول رگنگ کا آغاز کردیا ہے ۔میاں شہباز شریف کو طلبی کے نوٹس ،حسن اور حسین نواز شریف کو انٹرپول کے ذریعہ ملک واپس لانے کی باتیں بدترین سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے ۔

چوہدری نثار علی خان کے مدمقابل امیدوار قمر الاسلام کی گرفتاری اوچھا ہتھکنڈا ہے ۔انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے نیب اپنی انتقامی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے ۔قومی احتساب بیورو کو پورے ملک میں صرف مسلم لیگی رہنما نظر آرہے ہیں ۔سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے نیب کے نظروں سے اوجھل ہیں ۔

(جاری ہے)

بدھ کو جاری بیان میں خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ ملک میں سروے کرنے والے تمام معتبر اداروں نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پنجاب سمیت ملک بھر سے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ۔

عدالتی فیصلوں کے ذریعہ نواز شریف کو سیاست سے باہر کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے اور وہ آج بھی عوام کے دلوں میں گھر کرتے ہیں ۔ووٹ کو عزت دو کا نعرہ عوام کے دلوں کی آواز بن چکا ہے ۔تمام صورت حال کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کوانتخابات میں شکست دلانے کے لیے کچھ قوتیں سرگرم ہیں اور اس کے لیے نیب کو متحرک کردیا گیا ہے ۔انتخابات سے قبل نیب کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف طلبی کے نوٹس ،حسن اور حسین نواز شریف کو انٹرپول کے ذریعہ واپس لانے کی باتیں اور قمر الاسلام کی گرفتاری پرل پول رگنگ کے مترادف ہے ۔

نیب کے ذریعہ مسلم لیگ (ن) کو شکست دینے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ نیب ایک جانبدار ادارہ ہے اور پورے ملک میں صرف مسلم لیگ (ن) کے خلاف کارروائیوں سے اس کے سیاسی عزائم ظاہر ہورہے ہیں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام جماعتوں کو یکساں میدان میسر آئے ۔مسلم لیگی رہنماؤں کو نیب کے ذریعہ انتخابی عمل سے باہر کرنے کی کوششیں جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں ۔خواجہ طارق نذیر نے نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنرسے مطالبہ کیا کہ نیب کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کا نوٹس لیں۔