پیپلزپارٹی کے سینئر امیدواروں نے اپنے خلاف منفی پروپیگنڈہ مسترد کردیا

پیپلزپارٹی کے ٹکٹ اور تیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں،بے بنیاد اور حقائق کے منافی خبریں چلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے ،فیصل کریم کنڈی،فیصل صالح

ہفتہ 30 جون 2018 19:01

پیپلزپارٹی کے سینئر امیدواروں نے اپنے خلاف منفی پروپیگنڈہ مسترد کردیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں فیصل کریم کنڈی اور فیصل صالح حیات نے اپنے خلاف منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ اور تیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں،بے بنیاد اور حقائق کے منافی خبریں چلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔میڈیا رپورٹس پر اپنے رد عمل میں پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخواہ کے جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں نے کسی کی حمایت میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے ،پیپلزپارٹی نے مجھے این اے 38 سے ٹکٹ دیا ہے اور میں این اے 38 سے پارٹی ٹکٹ اور تیر کے نشان پر الیکشن لڑوں گا ،این اے 37 کے حوالے سے چلنے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں ۔

یاد رہے کہ فیصل کریم کنڈی سے متعلق خبریں چل رہی تھی کہ وہ تحریک انصاف کے اُمیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنما مخدوم فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ میں پیپلزپارٹی کا حصہ ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے اور پیپلزپارٹی کے ٹکٹ اور تیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہا ہوں ۔میرا آزاد حثیت سے الیکشن لڑنے کے حوالے سے میڈیا پر بے بنیاد خبریں چلانے والوں کے عمل کی پر زور مذمت کرتا ہوں ،اس طرح کی بے بنیاد اور حقائق کے منافی خبریں چلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔