سیاسی جماعتوں کے امیدوار کمیشن کی جانب سے طے شدہ سائز سے ہٹ کر لگائے جانے والے بینر، پینا فلیکس اور سائن بورڈ رضاکارانہ طور پر ہٹا دیں، الیکشن کمیشن

پیر 2 جولائی 2018 19:42

سیاسی جماعتوں کے امیدوار کمیشن کی جانب سے طے شدہ سائز سے ہٹ کر لگائے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ کمیشن کی جانب سے طے شدہ سائز سے ہٹ کر لگائے جانے والے بینر، پینا فلیکس اور سائن بورڈ رضاکارانہ طور پر ہٹا دیں۔ ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں اور اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لگائے جانے والے بینرز، پوسٹرز اور پینا فلیکس اتارے جا رہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 147 میں ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کئے بغیر نکالی جانے والی ریلی اور ریلی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے امیدوار کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیم نے 140 جگہوں سے غیر قانونی تشہیری مواد ختم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی کل 592 مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات ہیں جو انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 99، پنجاب 297، سندھ 130، بلوچستان 51، فاٹا 12 اور اسلام آباد میں 3 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام امیدواروں کی انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تشہیری مواد کے ضمن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔