الیکٹیبلز نام سے پاکستان پر مافیا مسلط ہے، قومی دولت لوٹنے والوں کو الیکٹیبلز کا نام دیا گیا ہے، سینیٹر مشتاق احمد خان

بدھ 4 جولائی 2018 20:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی وسینئر نائب صدر متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ الیکٹیبلز نام سے پاکستان پر مافیا مسلط ہے، قرض معاف کرانے اور قومی دولت لوٹنے والوں کو الیکٹیبلز کا نام دیا گیا ہے،الیکٹیبلز کے لبادے میں قوم پر ایک بار پھر نیب اور پانامہ زدہ افراد کو مسلط کرنے کی تیاریاں ہورہی ہیں، ان سے خیر کی توقع فضول ہے،ان کے ہاتھوں میں اقتدار کی بجائے ہتھکڑیاں ہونی چاہئیں،حکمرانوں نے برآمدات پر توجہ دینے کی بجائے تیل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا،تیل اور بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ قبول نہیں۔

حکومتی ایوانوں میں ستر سال سے ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں۔ متحدہ مجلس عمل کرپشن کے شہنشاہوں اور سسلین مافیا ، لیڈز کے نام پر ڈیلرز اور الیکٹیبلز کے نام پر قرضے معاف کرانے والوں کے خلاف جنگ کا اعلان کرتی ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ مجلس عمل چوروں کے مقابلے میں دیاتندار قیادت لائی ہے، عوام 25جولائی کو شیر کو پنجرے میں بند کردیں، یہ دور تیر اور بلوں کا نہیں کتاب کا ہے۔

عوام پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لئے کتاب کو ووٹ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد کے مقامی ہوٹل میں متحدہ مجلس عمل کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ساتھ ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں جمعیت اہلحدیث کے رہنما اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر امیدوار این اے 15 مولانا فضل الرحمن مدنی، جماعت اسلامی ایبٹ آباد کے امیر اور امیدوار حلقہ پی کے 37عبدالرزاق عباسی، امیدوار این اے 16 محمد سعید مغل ، امیدوار پی کے 36ساجد قریشی ، پی کے 39کے امیدوار امجد خان جدون ، محمود الٰہی جدون سمیت دیگر ذمہ داران شریک تھے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے، ہم ایک ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جس میں عوام کو تمام بنیادی سہولیات حاصل ہوں، ہم نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور کھیل کے میدان دیں گے، متحدہ مجلس عمل بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گی۔ متحدہ مجلس عمل ایک ایسی ریاست بنانا چاہتی ہے جس کا خواب قائد اور اقبال نے دیکھا تھا، ہمارا مقصد ایک ایسے پاکستان کی تعمیر ہے جو تحفظ دے، ترقی دے ، حفاظت اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع دے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور قبلہ اول کی آزادی، شام، عراق ، برما اور دیگر مقبوضہ اسلامی ممالک کے لئے آواز اٹھانا اور اقوام متحدہ کے مقابلے میں عالم اسلام کی اقوام متحدہ کی تشکیل ، نیٹو کی طرز پر مسلم ممالک کا اپنا فوجی اتحاد کی تشکیل ایم ایم اے کی خارجہ پالیسی کے بنیادی نقاط ہیں۔ ان اقدامات کے بغیر امت کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس عمل نے صاف اور شفاف امیدوار میدان میں اتارے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ ووٹ ایک امانت ہے، کاغذ کی پرچی کو عوام کم نہ جانیں ، یہ بہت بڑی طاقت ہے، ووٹ کی پرچی سے عوام چوروں اور قومی مجرموں کا احتساب کرسکتے ہیں۔

کتاب کے نشان پر مہر لگانا مجرموں سے انتقام لینا اور اقبال اور قائد کے پاکستان کی طرف قدم بڑھانا ہے۔عوام25جولائی کو مصنوعی تبدیلی کے دعویداروں کو مسترد کریں اور حقیقی انقلاب اور تبدیلی کے لئے متحدہ مجلس عمل اور کتاب کو ووٹ دیں۔