Live Updates

جولائی کو ووٹ کی طاقت سے عوامی فیصلہ نیب کے فیصلے کو سمندر میں پھینک دیگا، شہباز شریف

نیب نے اُس شخص کے خلاف فیصلہ دیا جس نے پوری دنیا کے دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کا سرفخر سے بلند کیا،پاکستان سے اندھیروںکاخاتمہ کرکے اس ملک کو حقیقی امن کا گہوارہ بنایا، سی پیک کا تحفہ دیا عمران خان نے پشاور میں میٹرو بس کا جھوٹا نعرہ لگا کر عوام کی بس کروا دی، جھوٹے خان نے قوم کے قیمتی پانچ سال برباد کئے عوام ووٹ کی طاقت سے پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر دفن کر دیں گے ، صدر مسلم لیگ (ن) کا حافظ آباد میں عوامی جلسے سے خطاب

جمعہ 6 جولائی 2018 23:59

جولائی کو ووٹ کی طاقت سے عوامی فیصلہ نیب کے فیصلے کو سمندر میں پھینک ..
حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور اس کی فیملی کے خلاف نیب کا فیصلہ ظلم وزیادتی کا فیصلہ ہے 25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے عوامی فیصلہ نیب کے اس فیصلے کو سمندر میں پھینک دیگا۔قوم نے نیب کے اس فیصلہ کو قبول نہیں کیایہ فیصلہ عوام اور نواز شریف کو دور نہیں کر سکتا۔

عوام اپنے ووٹ سے مسلم لیگ(ن) کے اُمیدواروں کو کامیاب کرکے نواز شریف اور قائد اعظم کے پاکستان کو کامیاب کریں۔حافظ آباد میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب نے اُس شخص کے خلاف فیصلہ دیا جس نے پوری دنیا کے دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کا سرفخر سے بلند کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان سے اندھیروںکاخاتمہ کرکے اس ملک کو حقیقی امن کا گہوارہ بنایا۔

نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر یوں کی حمائت اور پاکستانی قوم کو سی پیک کا تحفہ دیا۔اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایاکسانوںکو سستی کھاد،بجلی فراہم کی۔نوجوانوں کو قرضے فراہم کرکے انہیں برسرروزگار بنایالیکن افسوس عوام کے اس حقیقی لیڈر کو نیب کی اس سزا کے فیصلے کا سامنا کرنا پڑا۔اُن کا کہنا تھا کہ جھوٹے خان نے قوم کے قیمتی پانچ سال برباد کئے جب بھی کبھی کے پی کے کے عوام کو مشکل پیش آئی اُنہیں ڈینگی کا سامنا کرنا پڑا تو یہ جھوٹے خان پہاڑوں پر چھپا بیٹھا رہا۔

عمران خان نے پشاور میں میٹرو بس کا جھوٹا نعرہ لگا کر عوام کی بس کروا دی۔اب ان شاء اللہ 25جولائی کو عوام ووٹ کی طاقت سے پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر دفن اور پیپلز پارٹی کو شکست دیکر نواز شریف اور قائد اعظم کے پاکستان کو کامیاب کریگی۔اُن کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ ہم کامیاب ہو کر پنجاب کو ملائیشیا اور ترکی کے برابر ترقی یافتہ بنائیں گے۔

ورکر کنونشن کے دوران مسلم لیگ ن کے پانچ سالہ دوراقتدار میں حافظ آباد میں ہونے والے اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبوں کے حوالے سے ایک ڈاکومینٹری دیکھائی گئی جس پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن ہمیشہ عوام کی خدمت اور ملکی تعمیروترقی ہے۔ہم آئندہ بھی عوام کی خدمت کے اس مشن کو جاری رکھیں گے۔ورکرکنونشن سے این اے 87کی اُمیدوار،سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ،اُمیدواران برائے صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مظفر علی شیخ،میاں شاہد حسین بھٹی اور چودھری شعیب شفیق آرائیں نے بھی خطاب کیا جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما وسنیٹر مشاہد حسین سیدبھی شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔

ورکرکنونشن میں مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہباز شریف سمیت اپنے قائدین کا بھرپور استقبال کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات